Sunday , June 24 2018
Home / Top Stories / ہزاروں کروڑ کا بینک فراڈ معاملہ دو پی این بی عہدیدار گرفتار دھاوے جاری، مزید ضبطیاں

ہزاروں کروڑ کا بینک فراڈ معاملہ دو پی این بی عہدیدار گرفتار دھاوے جاری، مزید ضبطیاں

نئی دہلی ؍ ممبئی ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج پنجاب نیشنل بینک کے دو برسرخدمت عہدیداروں اور نیروو مودی کی کمپنی کے ایک ایگزیکٹیو کو گرفتار کرلیا، جو 11,400 کروڑ روپئے کے مبینہ فراڈ کے سلسلے کی کارروائی ہے۔ گرفتارشدہ تینوں افراد کو ممبئی کی عدالت نے 14 روز کیلئے سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا۔ سی بی آئی نے ممبئی میں پی این بی کی براڈی روڈ برانچ میں تلاشی مہم بھی منعقد کی۔ اس دوران محکمہ انکم ٹیکس نے ممبئی میں گیتانجلی جیمس، اس کے پروموٹر میہول چوکسی اور دیگر کے 9 بینک کھاتے قرق کرلئے ہیں۔ دریں اثناء انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہیروں کے تاجر نیروو مودی اور دیگر کے خلاف اپنی انکوائری کے سلسلے میں دھادے تیسرے روز جاری رکھے ، جس میں 25 کروڑ روپئے مالیت کے ہیرے اور زیورات ضبط کئے گئے، اس طرح جملہ ضبطی کی قدر بڑھ کر 5,674 کروڑ روپئے ہوچکی ہے۔ ای ڈی نے ملک بھر میں مزید 21 مقامات پر تلاشیوں کے ساتھ اپنی مہم جاری رکھی۔ اس دوران فراڈ اسکام کی زد میں مزید بینک متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نئی دہلی میں سرکاری ملکیتی یوکو بینک نے کہا کہ اس نے بھی نیروو اور اس کے معاونین کو 2,636 کروڑ روپئے کا قرض دیا ہے۔ سٹی یونین بینک نے بتایا کہ اسے 12.8 کروڑ روپئے کا جھٹکہ لگا ہے۔

TOPPOPULARRECENT