Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہمارا کمتر موقف مگر انڈیا میں چیلنج کیلئے تیار ہیں : کک

ہمارا کمتر موقف مگر انڈیا میں چیلنج کیلئے تیار ہیں : کک

ممبئی ؍ راجکوٹ ، 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) السٹیر کک کو یہ اعتراف کرنے میں کوئی عار نہیں کہ انگلینڈ کا انڈیا کے خلاف آنے والی ٹسٹ سیریز میں موقف کمتر نوعیت کا رہے گا لیکن انگلش کیپٹن کا ماننا ہے کہ اس طرح کی پوزیشن اُن کی ٹیم پر دباؤ ختم کرتے ہوئے پانچ میچ کی سیریز کو زیادہ مسابقتی بناتی ہے۔ انگلینڈ کمتر درجہ کے حامل بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ اندرون تین یوم ہار جانے کے باوجود یہ سیریز 9 نومبر کو راجکوٹ میں مثبت سوچ کے ساتھ شروع کرنا چاہتا ہے۔ عالمی نمبر 1 انڈیا نے 2012ء سے کوئی ہوم سیریز نہیں ہاری ہے، جب 31 سالہ کک کی قیادت میں انگلینڈ نے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ کک نے کہا: ’’یہ (انڈیا سیریز) بڑا چیلنج ہے۔ جب کبھی آپ نمبر 1 یا نمبر 2 رینک والی ٹیم سے اُن کے میدانوں پر کھیلتے ہیں، جو اپنے مانوس حالات میں کافی اچھا کھیلتے ہیں، تب ہمارے لئے کام کٹھن ہوجاتا ہے۔ یہ سیریز ان تمام کھلاڑیوں کیلئے زبردست چیلنج ہے جنھوں نے ٹیم کے طور پر برصغیر میں کچھ زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔‘‘ انگلینڈ کے تجربہ کار پیسر جیمز اینڈرسن کے تعلق سے کک نے آج اشارہ دیا کہ اسٹرائک بولر پانچ میچ کی سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں بھارت کے خلاف وشاکھاپٹنم میں اپنے ٹیم ساتھیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اینڈرسن کے تعلق سے یہ واقعی خوش خبری ہے کہ انھیں منظوری مل چکی ہے۔ انھوں نے اپنی فٹنس کی بحالی کیلئے کافی محنت کی۔ دریں اثناء انڈین کرکٹ ٹیم کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں آج صبح راجکوٹ پہنچ گئی، جہاں کے کھندھیری میں واقع سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم اسٹیڈیم میں پہلا ٹسٹ مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT