Tuesday , December 12 2017
Home / ہندوستان / ہماری اور جنگجوؤں کی حرکات میں فرق ہونا چاہئے:محبوبہ مفتی

ہماری اور جنگجوؤں کی حرکات میں فرق ہونا چاہئے:محبوبہ مفتی

سری نگر ۔25اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی پولیس سے کہا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے گھروں میں توڑ پھوڑ اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنانے سے اجتناب کریں۔ قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر بالخصوص ترال میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران سیکورٹی فورسزکے ہاتھوں جنگجوؤں اور جنگجوؤں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں و سیاسی کارکنوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ اور مکینوں کی پٹائی کے متعدد واقعات سامنے آئے ۔محترمہ مفتی نے چہارشنبہ کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے منی گام میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول میں بی آر ٹی سی کے 13 ویں بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘ہماری اور جنگجوؤں کی حرکات میں فرق ہونا چاہیے ۔ جنگجو آکر ہمارے لوگوں کو مار ڈالتے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کر ڈالتے ہیں۔ گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرتے ہیں ، مکان جلاتے ہیں، جیسا انہوں نے حال ہی میں کیا ہے ۔ مگر ہماری سیکورٹی فورس اور پولیس کو ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔ ہم ایک قانون کے ماننے اور رکھوالے ہیں۔ اس لئے مجھے اس قسم کی کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے کہ جنگجو نہیں ملا، یا، جنگجو نے کسی گھر میں توڑ پھوڑ کی، اس لئے بدلے میں ہم نے بھی توڑ پھوڑ کی’۔

TOPPOPULARRECENT