Monday , November 19 2018
Home / Top Stories / ہماچل پردیش میں اسکول بس حادثہ ، 30 ہلاک

ہماچل پردیش میں اسکول بس حادثہ ، 30 ہلاک

مہلوکین میں 27 بچے شامل ، نائب صدر اور وزیراعظم کے پیامات تعزیت

شملہ ؍ نورپور ۔9 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک اسکول بس جو اسکول سے بچوں کو گھر لے جارہی تھی نورپور ۔ چمبا شاہراہ پر ضلع گُرچل کے دیہات کے قریب گہری کھائی میں گر پڑی ۔ بشمول 27 بچے برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ ہماچل پردیش کے وزیرٹرانسپورٹ گوئند سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ 67 سالہ ڈرائیور مدن لال اور دو خاتون اساتذہ بھی اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ کانگڑہ سنتوش پارٹیال اور مقامی بی جے پی رکن اسمبلی راکیش پٹھانیہ نے جو مقام حادثہ پر موجود تھے کہا کہ 27 نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ مزید دو نعشیں دیکھی گئی ہیں۔ کم از کم 13 شدید زخمیوں کو پٹھان کوٹ کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ ایک سرکاری عہدیدار کے بموجب دیگر زخمی افراد کی حالت بھی نازک ہے۔ بس میں 40 تا 45 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر مہلوکین ابتدائی جماعتوں کے بچے جن کی عمریں 10 سال تک تھیںشامل ہیں۔ یہ اسکولی بچے رام سنگھ پٹھانیہ میموریل اسکول کے طلبہ تھے ۔ چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے فوری راحت رسانی کے طورپر مہلوکین کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپئے ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزارتی تحقیقات کا حکم دیا جاچکا ہے اور ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حادثہ اس لئے ہوا کیونکہ ڈرائیور بس پر اپنا قابو کھو بیٹھا تھا جو سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر پڑی ۔ والدین کی گریہ و بکا کی وجہ سے یہاں کا ماحول سوگوار ہوگیا ہے ۔ وزیر اغذیہ و سربراہی اجناس کرشن کپور سینئر ریاستی عہدیدار حادثہ کے موقع پر پہونچ کر راحت رسانی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں ۔ ملبہ سے مقامی نوجوانوں کی مدد سے نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ گورنر آچاریہ دیوورت ، چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر ، مرکزی وزیر جے پی ندا ، ٹرانسپورٹ منسٹر ٹھاکر نے اس المیہ پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے ہلاکتوں پر اظہاررنج کیا ہے۔ نائیڈؤ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ اُنھیں گہرا صدمہ پہونچا ہے ۔ اُن کا دل مہلوکین کے سوگوار ارکان خاندان کے ساتھ ہے ۔ دفتر وزیراعظم کے بموجب نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ اُن کی دعائیں اور یکجہتی مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ ہیں جنھوں نے اپنے چہیتے کھودیئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT