Saturday , December 16 2017
Home / ہندوستان / ہمیشہ’ سچ کی جیت‘ ہردیک پٹیل کا ریمارک

ہمیشہ’ سچ کی جیت‘ ہردیک پٹیل کا ریمارک

عدالت سے ضمانت کی منظوری ۔ پراگندہ سیاست کو پاک و صاف کرنے کا عہد

احمد آباد۔/12جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پٹیل برادری تحریک تحفظات کے لیڈر ہردیک پٹیل نے جنہیں 9 ماہ تک جیل میں محروسی کے بعد 2 کیسوں میں عدالت سے ضمانت منظور ہوئی ہے، یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا ہے جس سے امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے اور یہ محاورہ دہرایا کہ ’’ ستیمے جیتے ‘‘ ( سچ کی جیت )حکومت گجرات کے موسومہ ایک مکتوب میں ’ اقوال زرین ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ہردیک پٹیل نے کہا کہ ستیمے جیتے اور یہ محاورہ بھگوان رام اور مہاتما گاندھی کیلئے رہنمائی کی طاقت بن گیا تھا جسے آج کے نوجوان بھی یاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عدلیہ پر مجھے مکمل بھروسہ ہے میرا ایقان ہے کہ بے قصور اور غریب لوگوں کو انصاف مل کر رہیگا۔ میں قصور وار نہ ہونے کے باوجود جیل میں ٹھونس دیا گیا۔ گذشتہ ہفتہ بغاوت کے 2کیسوں میں عدالت سے ضمانت کی منظوری کے بعد ہردیک پٹیل نے یہ مکتوب تحریر کیا ہے جس میں انہوں بتایا مجھے حق بات کہنے دو صرف بکرے کی قربانی دی جاتی ہے نہ کہ شیر کی، اور میں نے آج تک کسی بھی شکل میں تشدد کی حمایت نہیں کی ہے، اور میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا ہے جس سے امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے

اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کام کروں گا، اور عدم تشدد کا راستہ اختیار کرتے ہوئے غریبوں، کسانوں ،نوجوانوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد کرتا رہوں گا۔ یہ مکتوب آج ہر دیک کے وکیل یشونت والا نے آج منظرِ عام پر لایا ہے جس میں یہ ادعا کیا گیا ہے کہ جیل میں 9ماہ کی قید و بند کی زندگی سے انہوں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ کس طرح گندی سیاست کو صاف کیا جائے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی جیسی سیاسی جماعتوں پر بے اعتمادی کا اظہار کیا۔ ہر دیک پٹیل نے کہا کہ میں نے اپنی ماں کے پیٹ میں 9ماہ گذارے اور اب جیل میں 9 ماہ سے قید وبند میں ہوں جملہ 18ماہ ۔ جس کے دوران مجھے یہ ادراک ہوا کہ کس طرح گندی سیاست کو پاک و صاف کیا جاسکتا ہے۔ گجرات ہائی کورٹ نے تشدد سے متعلق ایک کیس میں ضمانت کی منظوری میں حائل رکاوٹوں کو دور کردیا ہے جس کے باعث جیل سے ان کی رہائی کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے تاہم عدالت کے احکامات کے مطابق ہردیک پٹیل کو آئندہ 6ماہ کیلئے گجرات سے باہر رہنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT