Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ’’ہم احکامات کے منتظر ہیں‘‘، انڈین کرکٹ بورڈ کا جواب

’’ہم احکامات کے منتظر ہیں‘‘، انڈین کرکٹ بورڈ کا جواب

کراچی ، 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک پر بھی یہ بات واضح کردی ہے کہ ہند۔پاک کرکٹ سیریز کیلئے وہ ہندوستانی حکومت کے جواب کا منتظر ہے۔ اس طرح انڈوپاک سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک کی کوششیں بھی بار آور ثابت نہیں ہو سکی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو بتایا کہ جائلز کلارک نے دوشنبہ کو انھیں انڈیا۔ پاکستان سیریز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے خود رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے انھیں بھی وہی جواب دے دیا کہ اسے ہندوستانی حکومت کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔ شہریارخان نے کہا کہ جائلز کلار ک نے انھیں گزشتہ شب ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے تازہ ترین جواب سے مطلع کردیا ہے۔ دائیں بازو کی کٹرپسند پارٹی شیو سینا نے دو ماہ قبل پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے روابط بحال کرنے کیلئے مقررہ بات چیت کے آغاز سے قبل ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کیا تھا ۔ شہریارخان نے کہا کہ اب وہ اس سیریز کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کریں گے۔ جو بھی کہنا ہے وہ بی سی سی آئی کہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجوزہ سیریز کیلئے کئی بار ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر چکا ہے لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ اسے حتمی جواب دینے سے گریز کر رہا ہے۔ شہریار خان نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جس میں انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کا حتمی جواب معلوم کرنے سے متعلق کسی بھی خط سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔ شہریار خان نے اس بارے میں صرف اتنا کہا کہ یہ خط انڈین کرکٹ بورڈ کو بھیجا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT