Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند، نیوزی لینڈ وزرائے اعظم کو کرکٹ سے تحریک

ہند، نیوزی لینڈ وزرائے اعظم کو کرکٹ سے تحریک

جوائنٹ بریفنگ میں کھیل کی بعض ’مخصوص‘ اصطلاحات کا استعمال
نئی دہلی ، 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کا کھیل آج ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گرمجوشانہ روابط کو اُجاگر کرنے کے لئے درکار تشبیہات کا موجب بن گیا، جب وزرائے اعظم نریندر مودی اور جان کی نے اس کھیل کی اصطلاحیں استعمال کرتے ہوئے اپنے باہمی تال میل میں پیش رفت پر زور دیا۔ یہ حوالے ایسے روز دیئے گئے جب انڈیا اور نیوزی لینڈ پانچ میچ کی جاریہ او ڈی آئی سیریز کے چوتھے مقابلے میں مدمقابل آرہے ہیں۔ جوائنٹ پریس بریفنگ میں سب سے پہلے شری مودی نے لب کشائی کی۔ یہ بریفنگ دونوں اقوام کے درمیان معاہدات کے تبادلے کے بعد منعقد ہوئی۔ رواں او ڈی آئی سیریز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم ہند نے کہا کہ کرکٹ کی بعض اصطلاحات دونوں ملکوں کے باہمی روابط میں کی گئی پیش رفت کی ٹھیک ٹھیک تشریح کرتی ہیں۔ ’’ہماری کرکٹ ٹیمیں رانچی میں چوتھے ونڈے انٹرنیشنل کیلئے میدان سنبھال رہی ہیں۔ کئی اعتبار سے کرکٹ کی بعض اصطلاحات ہمارے باہمی رابطوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتی ہیں۔ ہمارے روابط میں ہم لانگ آف پر فیلڈنگ (دور، دور رہنے) سے بیٹنگ پچ (مقامِ عمل) پر ازسر نَو گارڈ (نئی شروعات کرنا) لے رہے ہیں۔ ڈیفنس (دفاع) کے کھیل نے جارحانہ بیٹنگ (سریع رَوِش) اختیار کرلی ہے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جان کی بھی پیچھے نہ رہے اور برجستہ کہا کہ وہ مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے جاریہ سیریز میں ابھی تک اُن کے ملک کے ناقص پرفارمنس کا ذکر نہیں کیا۔ نیوزی لینڈ کا ٹسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش ہوا اور ونڈے سیریز میں بھی پیچھے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT