ہندستان کھیل کی طاقت بننے کی صحیح سمت گامزن:بترا

نئی دہلی۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی اولمپک اسوسی ایشن (آئی اواے ) کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا نے گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں میڈلس جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستان کھیلوں کی طاقت بننے کی صحیح سمت میں گامزن ہے ۔ہندستان نے اپنے کھلاڑیوں کے شاندار اور بااثر کھیل کی بدولت 26 گولڈ، 20 سلور اور 20 برونز سمیت جملہ66 میڈلس جیت کر 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں تاریخ کا تیسرا بہترین مظاہرہ کیا۔ہندستان نے ان66 میڈلس کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں500 میڈلس بھی پورے کر لئے ۔ہندستانی کھلاڑیوں نے ان کھیلوں کے دوران 11 دولت مشترکہ کھیل ریکارڈ بھی توڑے ۔بترا نے کہاکہ آئی اواے کی طرف سے میں ہر اس کھلاڑی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ان کھیلوں میں شرکت کی اور ملک کو فخریہ لمحہ فراہم کیا۔کھلاڑیوں کی محنت کا پھل سامنے آیا ہے اور میں یہ بات فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ایک قوم کے طور پر ہم کھیل کی طاقت بننے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ہندستان نے 2014 کے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کی 15 گولڈ سمیت 64 میڈل تعداد کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا۔ہندوستان کی دولت مشترکہ کھیلوں میں بہترین کارکردگی اپنی میزبانی میں2010 دہلی میں دوسرا مقام رہا تھا جہاں اس نے 38 گولڈ سمیت جملہ101 میڈلس جیتے تھے ۔ہندستان نے 2002 کے مانچسٹر دولت مشترکہ کھیلوں میں 30 گولڈ سمیت 69 میڈلس جیتے تھے اور اس وقت وہ چوتھے نمبر پر رہا تھا۔آئی اواے کے صدر نے کہاکہ دولت مشترکہ کھیلوں کا یہ ورژن ہندوستانیوں کے لئے خاص رہا ہے خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کے لئے جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کو فخر فراہم کیا۔میں خاص طور پر خواتین کھلاڑیوں کا ذکر بھی کرنا چاہوں گا جنہوں نے کھیلوں میں اعلی سطح کے نئے معیار قائم کیے ۔یہ خاتون کھلاڑی ملک کی لڑکیوں کے لئے بلاشبہ ترغیب کا ذریعہ بن گئی ہیں۔بترا نے ساتھ ہی کہاکہ میں تمام کھلاڑیوں کو اولمپک کے لئے نیک خواہشات دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی کارکردگی میں اور بہتری لائیں گے تاکہ ہم آئندہ ایشیائی کھیلوں اور 2020 اولمپک کھیلوں میں اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ہندستان نے ان کھیلوں میں کئی مقابلوں میں اپنا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔خاص طور پر باکسنگ، ویٹ لفٹنگ، شوٹنگ ، ٹیبل ٹینس، کشتی اور بیڈمنٹن میں ہندستان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور ہندستان نے اپنے سب سے زیادہ میڈلس انہی کھیلوں میں جیتے ۔نشانہ بازی میں ہندستان نے سب سے زیادہ گولڈ حاصل کئے ۔نوجوان نشانے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندستان نے سات گولڈ، چار سلوراور پانچ برونز کل 16 میڈلس جیتے ۔اس کے بعد کشتی کا نمبر رہا جہاں ہندستان نے پانچ گولڈ، تین سلور اور چار برونز سمیت کل 12 میڈلس جیتے ۔باکسنگ اور ویٹ لفٹنگ میں ہندستانی کھلاڑیوں نے 9 میڈلس جیتے ۔ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو پانچ گولڈ، دو سلور اور دو برونز اور باکسنگ میں تین گولڈ، تین سلور اور تین برونز ملے ۔ٹیبل ٹینس کی کامیابی ہر لحاظ سے حیرت انگیز رہی جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے تین گولڈ، دو سلور اور تین برونز سمیت کل آٹھ میڈلس جیتے ۔بیڈمنٹن میں ہندستان نے دو گولڈ، تین سلور اور ایک برونز سمیت چھ میڈلس حاصل کئے ۔ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو ایک سنہری، ایک سلور اور ایک برونزمیڈل ملا۔

TOPPOPULARRECENT