Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی خواتین نے بیلجیئم کی جونیئر مردٹیم کو 3-4سے شکست دی

ہندوستانی خواتین نے بیلجیئم کی جونیئر مردٹیم کو 3-4سے شکست دی

کپتان رانی اورگرجیت نے 2 گول کئے

اینٹورپ (بیلجیئم)۔ 19ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے اپنے یورپ کے دورے کا اختتام یہاں بیلجیئم کی جونیئر مرد ٹیم کو انتہائی دلچسپ مقابلے میں 4-3 سے ہراکر فاتحانہ انداز میں کیا۔ ہندوستانی خاتون ٹیم پہلی مرتبہ بیلجیم کی جونیئر مرد ٹیم کے ساتھ کھیلنے میدان میں اتری تھی اور اس کی یورپ کے دورے میں یہ پہلی کامیابی بھی ہے ۔ خواتین میں گرجیت کاؤر نے ساتویں اور11 ویں اورکپتان رانی نے13 ویں اور33 ویں منٹ میں گول کئے ۔خواتین نے میچ میں جارحانہ اندازمیں شروعات کی اور ساتویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کر لیا جس پر ڈریگ فلکر گرجیت کور نے گول کرکے برتری دلائی۔ڈیفینڈرگرجیت نے پھر سے چند منٹ کے بعد ہندوستان کے اسکور کو اپنے دوسرے گول سے 2-0 کردیا۔ کپتان رانی نے بھی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا اور13 ویں منٹ میں میدانی گول کرتے ہوئے اسکور 3-0 کیا۔ پہلے کوارٹر کا اختتام ہندوستان نے یکطرفہ انداز میں کیا۔ دوسرے کوارٹر میں گول کیپر رجنی ایتیمارپو نے اچھے ڈرائیو کے ساتھ بیلجئیم کو افتتاحیگول سے بچایا اور اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے کوارٹر کا اختتام اپنے 3-0 کے اسکور کے ساتھ ہی کیا۔تیسرے کوارٹر میں بھی ہندوستان نے33 ویں منٹ میں رانی نے اسکور 4-0 کیا حالانکہ38 ویں منٹ میں بیلجیم کے تھبلاٹ نیوین نے ٹیم کا پہلاگول کرکے کھاتہ کھولا۔میزبان ٹیم نے تیسرے کوارٹر کے42 ویں منٹ میں ولیم وین ڈیسل نے گول کرکے اسکور 4-2 کردیا۔ بیلجئیم کے جونیئر مردکھلاڑیوں نے پھر آخری چوتھے کوارٹر میں ٹیم کا تیسرا گول کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین کو دباؤ میں لا دیا۔ متھایس ریلک نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 4-3 سے قریب پہنچادیا۔میچ کے آخری 10 منٹوں میں کافی دلچسپ مقابلہ کھیلا گیا جب بیلجیم نے برابری کا گول کرنے کی کافی کی کوشش کی۔ اگرچہ ہندوستانی ٹیم نے اپنے ڈیفنس کو مضبوط رکھتے ہوئے اپنی برتری کو قائم رکھتے ہوئے پہلی جیت درج کی اور دورے کا اختتام جیت کے ساتھ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT