Tuesday , November 21 2017
Home / دنیا / ہندوستانی سپاہیوں کیساتھ جھڑپ سے لاعلمی

ہندوستانی سپاہیوں کیساتھ جھڑپ سے لاعلمی

ہم سرحد پر امن و دوستی کے عہد کے پابندہیں، چین کی وزارت خارجہ ترجمان کا دعویٰ

بیجنگ ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج کہا کہ وہ لداخ میں پانگونگ جھیل کے کنارے ہندوستانی علاقہ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے سپاہیوں کے داخل ہونے اور ہندوستانی فوج سے جھڑپ کی اطلاعات سے باخبر نہیں ہے اور ادعا کیا کہ وہ سرحد پر امن و دوستی کے عہد کا پابند ہے۔ ہندوستانی سرحدی گارڈز نے گذشتہ روز لداخ کے ہندوستانی علاقہ میں داخلہ کیلئے چینی سپاہیوں کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا تھا، جس کے نتیجہ میں کی گئی سنگباری میں دونوں طرف کے چند افراد معمولی زخمی ہوئے۔ اس واقعہ پر تبصرہ کی خواہش پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے کہا کہ ’’میں اس اطلاع سے باخبر نہیں ہوں۔ میں آپ سے یہ کہہ سکتی ہوں کہ چینی سرحدی سپاہی ہمیشہ ہی ہند ۔ چین سرحد پر امن دوستی کی برقراری کے عہد کے پابند رہے ہیں‘‘۔ اس خاتون ترجمان نے مزید کہا کہ ’’ہم ہمیشہ ہی لائن آف کنٹرول سے متصلہ چینی سرحد پر گشت کرتے رہے ہیں۔ ہندوستانی جانب پر ہم زور دیتے ہیں کہ وہ خط حقیقی قبضہ (ایل اے سی) اور جانبین کے مابین طئے شدہ سمجھوتوں کی پابندی کرے‘‘۔ ماضی میں بھی جب کبھی اس قسم کی دراندازی ہوئی ہے چین ہمیشہ یہ دعویٰ کرتا رہا تھا کہ اس کے سپاہی سرحد کی چینی جانب گشت کررہے ہیں

 

اور اس بات کو اجاگر کیا جاتا رہا ہیکہ اس سرحدی حصہ کی تاحال حدبندی نہیں کی گئی ہے کیونکہ سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کا عمل جاری ہے۔ ہندوستان اور چین کے خصوصی نمائندے اس سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے تاحال 19 مرحلوں میں بات چیت کرچکے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا سکم سکشن کے ڈوکلم علاقہ میں جاری تعطل کے حل میں کوئی پیشرفت ہوئی ہے۔ ہوا نے چین کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے چینی علاقہ میں غیرقانونی طور پر دخل اندازی کی ہے اور انہیں غیرمشروط طور پر دستبردار ہوجانا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقوں میں بامقصد بات چیت کیلئے یہ (دستبرداری) ایک بنیادی شرط ہے‘‘۔ تاہم چین نے توثیق کی کہ اس مسئلہ پر گفت و شنید کیلئے سفارتی راستوں سے بات چیت جاری ہے۔ ہندوستان اور چین کے درمیان جموں و کشمیر تا اروناچل پردیش 3,488 کیلو میٹر طویل سرحد میں 220 کیلو میٹر کا سکشن سکم میں آتا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT