Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستانی طلبہ کے امریکی جامعات میں داخلہ میں غیر معمولی اضافہ

ہندوستانی طلبہ کے امریکی جامعات میں داخلہ میں غیر معمولی اضافہ

حیدرآباد سے سب سے زیادہ ویزوں کی اجرائی ، انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی رپورٹ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستان سے امریکہ جانے والے طلبہ کی تعداد میں سال گذشتہ کے اعتبار سے 29.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن ( اوپن ڈورس ) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تعلیمی سال 2014-15 کے دوران ایک لاکھ 32 ہزار 888 ہندوستانی طلبہ نے امریکی جامعات میں داخلے حاصل کئے ہیں ۔ اس اعتبار سے ہندوستان دنیا بھر میں دوسرا ملک بن چکا ہے جہاں کے طلبہ کی بڑی تعداد امریکی جامعات میں تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ امریکی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے والے بیرونی طلبہ میں سب سے بڑی تعداد چین سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ہے اور چینی طلبہ کی تعداد میں 10.8 فیصد کا اضافہ ہوا جن کی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 40 تک پہنچ چکی ہے ۔ امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے ہندوستانی طلبہ کی سال گذشتہ جو تعداد رہی وہ ایک لاکھ 2 ہزار 673 تھی جس میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ کی اکثریت گریجویٹ کورسیس میں ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق جو ایک لاکھ 32 ہزار 888 ہندوستانی طلبہ امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ان میں 64 فیصد گریجویٹ ہیں جب کہ 12.4 فیصد طلبہ انڈر گریجویٹ کورس میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ 22.1 فیصد طلبہ آپشنل پریکٹس ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ 1.4 فیصد طلبہ ایسے ہیں جو کہ مختلف شعبہ حیات میں مہارت حاصل کررہے ہیں ۔ اوپن ڈورس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق گزشتہ 15 برسوں میں امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبہ کی تعداد میں دگنا اضافہ ہوا ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے سالانہ جاری کی جانے والی اس رپورٹ کو تعلیمی میدان بالخصوص بیرون ملک تعلیم کے مواقع فراہم کرنے والے اداروں میں کافی اہمیت حاصل ہے چونکہ اس رپورٹ کی تیاری میں ادارے کی جانب سے امریکی محکمہ خارجہ سے موصولہ اعداد و شمار کا حوالہ دیا جاتا ہے اور رپورٹ میں نہ صرف ملک بلکہ شہروں کی بنیاد پر بھی طلبہ کی تعداد فراہم کی جاتی ہے ۔ سال گذشتہ ہندوستانی طلبہ کی امریکہ میں حصول تعلیم کے لیے داخلوں کی تعداد میں 6.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ اس سال اس میں 29.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مائیکل مولنس نے گذشتہ دنوں شہر میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران اس بات کا دعویٰ کیاتھا کہ حیدرآباد میں سب سے زیادہ ویزے طلبہ کو جاری کئے جارہے ہیں ۔ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد کے اس بیان کی اس رپورٹ میں توثیق ہورہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT