Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستانی عازمین کے لئے حج کوٹہ کی بحالی کا خیر مقدم

ہندوستانی عازمین کے لئے حج کوٹہ کی بحالی کا خیر مقدم

حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب سے پروفیسر ایس اے شکور کا اظہار تشکر
حیدرآباد 7 جنوری (پریس نوٹ) حکومت سعودی عرب کی جانب سے ہندوستانی عازمین کیلئے حج کوٹہ کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکورنے کہا ہے کہ سال2013 سے حرم شریف کے توسیعی پروجیکٹ کے باعث حکومت سعودی عربیہ نے حجاج کرام کے کوٹہ میںکمی کردی تھی جس کے نتیجہ میں ہندوستان کا کوٹہ بھی کم کردیا گیا تھا اور ہماری ریاست تلنگانہ بھی اس سے متاثر ہوئی تھی۔ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اب حکومت سعودی عربیہ نے کوٹہ میںاضافہ کافیصلہ کیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکورنے مزید کہا کہ حکومت ہند خصوصاً مملکتی وزیر اقلیتی امور جناب مختارعباس نقوی کی کامیاب مساعی کے باعث ہندوستان کے عازمین کے کوٹہ میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس سال ہندوستان سے ایک لاکھ 70 ہزار عازمین کی روانگی کی راہ ہموار  ہوگئی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ سے بھی 20فیصد زیادہ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے اس اضافہ پر حکومت سعودی عرب اور حکومت ہند سے اظہار تشکر کیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے حج کوٹہ میں اضافہ کے لئے خصوصی دلچسپی لی اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور حج کوٹہ میںاضافہ کے لئے مسلسل نمائندگی کررہے تھے۔ اس دوران حج کمیٹی میں حج درخواست فار م حاصل اور داخل کرنے کے لئے خواہشمند عازمین میںزبردست جوش و خروش پایا جاتاہے جس کی ماضی میںکوئی مثال نہیں ملتی۔ اگرچہ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 24   جنوری ہے لیکن حج کمیٹی میں ہجوم کی کثرت ہے۔

TOPPOPULARRECENT