Monday , November 20 2017
Home / عرب دنیا / ہندوستانی فائرنگ سے 7 پاکستانی فوجی ہلاک

ہندوستانی فائرنگ سے 7 پاکستانی فوجی ہلاک

دونوں ممالک کے مابین حالات کشیدہ ، موثر جواب دینے پاکستان کی دھمکی
اسلام آباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج کہا کہ اُس کے 7 فوجیوں کو ہندوستانی فوج نے ’’بلااشتعال فائرنگ ‘‘کے ذریعہ ہلاک کردیا اور انتباہ دیا کہ ہندوستان کے ’’ناعاقبت اندیش ‘‘ اور ’’دفاعی غلط حساب ‘‘ کا جواب دیا جائے گا ۔ خطِ قبضہ پر بھیمبر سیکٹر میں 7 پاکستانی فوجی مبینہ طورپر ہندوستانی فوج کی جانب سے کل رات دیر گئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران ہلاک ہوگئے ۔ فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے ہندوستان کی ’’بلااشتعال‘‘ فائرنگ کا جواب دیا اور ہندوستانی چوکیوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ۔ معتمد خارجہ اعزاز چودھری نے ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو آج دوپہر طلب کرکے بلااشتعال جنگ بندی کی ہندوستان کی فوج کی جانب سے خطِ قبضہ پر خلاف ورزی کی مذمت کی ۔ معتمد خارجہ نے ہندوستان کی جانب سے خطِ قبضہ اور کارگذار سرحد پر خاص طورپر گزشتہ دو ماہ سے جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی مذمت کی ۔ معتمد خارجہ نے واضح کیا کہ ہندوستانی فوج کا ناعاقبت اندیش رویہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے ایک خطرہ ہے اور یہ دفاعی غلط حساب کا نتیجہ ہے۔ معتمد خارجہ نے ہندوستانی ہائی کمشنر سے خواہش کی کہ اُن کے جذبات سے اُن کی حکومت کو واقف کروادیںکہ اُسے اشتعال انگیز فائرنگ بند کرنا اور جنگ بندی پر عمل آوری کرنا چاہئے۔ پاکستان صبر وتحمل کی پالیسی پر عمل آوری کررہا ہے ۔ انھوں نے پاکستان کی ابتدائی فائرنگ کی اہمیت ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہندوستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب تھی۔ یہ ایک ہفتہ کے اندر دوسری بار ہے جبکہ پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا ۔ قبل ازیں دن میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اُن کا ملک اپنی سرزمین کا تحفظ کسی بھی جارحیت کے خلاف کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔ انھوں نے خطِ قبضہ پر ہندوستانی افواج کی مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں ہلاک ہونے والوں کے ارکان خاندان سے اظہاررنج کیا ۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ہندوستانی افواج خطِ قبضہ پر کشیدگی میں صرف اس لئے اضافہ کررہی ہیں تاکہ دنیا کی توجہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے ہٹاسکیں۔ سربراہِ فوج جنرل راحیل شریف نے فوج کو حکم دیا کہ ہندوستان کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جائے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجی اُمور سرتاج عزیز نے بھی بلااشتعال ہندوستانی فائرنگ کی مذمت کی۔ دفتر خارجہ سے اُن کا مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہند۔ پاک مشترکہ سرحد پر پیش آنے والے واقعات پر دعویٰ کیا کہ ہندوستان خطِ قبضہ اور کارگذار سرحد پر داخلی مجبوریوں کی وجہ سے کشیدگی پیدا کررہا ہے ۔ انھوں نے عالمی برادری پر پاکستان کے خلاف بلااشتعال فائرنگ کا نوٹ لینے کیلئے کہا ۔

TOPPOPULARRECENT