Friday , April 20 2018
Home / ہندوستان / ہندوستانی فوجی کارروائی میں سات پاکستانی فوجی اور جیش محمد کے پانچ دہشت گرد ہلاک

ہندوستانی فوجی کارروائی میں سات پاکستانی فوجی اور جیش محمد کے پانچ دہشت گرد ہلاک

جنگ بندی کی خلاف ورزی پر جوابی حملہ ، لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوجی چوکی تباہ ، مزید سخت اقدام کرنے جنرل بپن راؤت کا انتباہ
جموں ؍ سرینگر ۔ 15 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے جواب میں ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں کم سے کم سات پاکستانی سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ جہاں پاکستان میں سرگرم جیش محمد کے پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرتے ہوئے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنادیا گیا ۔ یہ فوجی کارروائی ایک ایسے دن کی گئی جب اس ( فوج ) کے سربراہ نے پاکستان کو دیئے گئے ایک سخت پیغام میں کہا کہ پڑوسی ملک کی طرف سے مجبور کئے جانے کی صورت میں وہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں شدت پیدا کریں گے اور دیگر اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے آج ہندوستانی نائب سفیر برائے پاکستان جے پی سنگھ کو وزارت خارجہ کے دفتر طلب کرکے چار پاکستانی فوجیوں کی ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا۔ قبل ازیں سربراہ افواج جنرل راؤت نے یوم افواج کے موقع پر دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول سے دہشت گردوں کی ہندوستان میں دراندازی کی کوششوں میں مسلسل مدد کررہی ہے ۔جنرل راوت نے سخت لہجے میں کہا کہ پاکستان کی فوج دراندازوں کی مدد کرتی رہی ہے ۔ اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو اور سخت کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے میں پوری طرح اہل ہے اور اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہندوستان دوسرے متبادل کو بھی استعمال کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فوج سرحد پر کسی بھی طرح کی ناپاک حرکت کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ان ناپاک حرکتوں کا پوری طاقت سے جواب دے رہی ہے ۔سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا ذکر کرتے ہوئے جنرل راوت نے کہا کہ ہمیں چوکنا رہنا ہوگا اورسائبر جرائم سے بھی سختی سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کو اپناکر فوج کو اس میں مہارت حاصل کرنی ہوگی کیوں کہ تربیت کے بغیر ان سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ہے ۔ فوج نے پریڈ گراونڈ میں اپنی طاقت کا نمونہ بھی پیش کیا اور جدید ترین ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش کی۔قبل ازیں فوج نے کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جیش محمد کے عسکریت پسندوں کی دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اس گروپ کے خودکشی دستہ کے پانچ ارکان کو ہلاک کردیا۔ بریگیڈیئر وائی ایس اہلاوٹ نے اُڑی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے پاکستان میں سرگرم تنظیم کی جانب سے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنادیا جو اس سال کے دوران پہلی کوشش تھی ۔ بریگیڈ اہلاوت نے مزید کہا کہ ہندوستان سے پاکستان میں بہنے والی دریائے جہلم کے قریب دراندازی کی یہ کوشش کی گئی تھی جو 2018 ء کے دوران پہلی بڑی کوشش تھی جس کو ناکام بنانے کے بعد یوم افواج اور یوم جمہوریہ تقاریب کے دوران ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ یو این آئی کے بموجب فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اُڑی سیکٹر میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی جنگجو تنظیم ’جیش محمد‘سے وابستہ پانچ جنگجوؤں کو ہندوستانی حدود میں دراندازی کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ فوج کی شمالی کمان نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انڈین آرمی نے اُڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی ہے ۔ اس میں 5 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ دراندازی کی یہ کوشش اس وقت ناکام بنائی گئی جب انڈین آرمی اپنا 70 واں آرمی ڈے منارہی تھی۔ یہ سال 2018 ء میں کی جانے والی دراندازی کی پہلی کوشش تھی جسے ناکام بنادیا گیا ہے ۔ ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب میندھر سیکٹر میں پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں پاکستانی فوجی چوکی کو تباہ کردیا جس کے نتیجہ میں کم سے کم سات پاکستانی سپاہی ہلاک ہوگئے جن میں ایک میجر بھی شامل ہے ۔ ہندوستانی فوج کے ایک سینئر افسر نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کیاور یندھر سیکٹر کے جگلوٹے علاقہ کی سرحدی چوکیوں پر شلباری کی تھی ‘‘ ۔ لائن آف کنٹرول پر پہرہ دینے والے ہندوستانی سپاہیوں نے مورچہ سنبھال لیا اور کوٹلی علاقہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی میں ملوث پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا ۔ بھاری شلباری کے جواب میں کی گئی کارروائی میں سات پاکستانی سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ ضلع راجوڑی مںے گزشتہ ہفتہ پاکستانی فوج کی فائرنگ میں ایک ہندوستانی سپاہی ہلاک ہونے کے بعد یہ جوابی کارروائی کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT