Monday , September 24 2018
Home / دنیا / ہندوستانی ورکر کے اغواء کیس میں پیشرفت

ہندوستانی ورکر کے اغواء کیس میں پیشرفت

نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا کہ افغان حکومت کو ہندوستانی امدادی ورکر اے پریم کمار کے پانچ روز قبل ہیرات میں اغواء کے سلسلہ میں ’’ٹھوس سراغ‘‘ حاصل ہوئے ہیں جبکہ اس کیس کی تحقیقات جاری ہے جس میں 3 طالبان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان نے ہندوستان کو مطلع کیا کہ انہیں اس کیس میں بعض اہم باتیں معلوم ہوئی ہیں اور انہوں نے ان باتوں کا ہندوستان کے ساتھ تبادلہ کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان 47 سالہ پریم کمار کو بچانے کیلئے تمام محاذوں پر کام کررہا ہے۔ تاہم ترجمان نے مزید تفصیلات بتانے سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اور ایک انسان کی زندگی داؤ پر ہے۔

ہندوستانی جیلوں میں کوئی پاکستانی قیدی غیرضروری قید نہیں
نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج حکومت پاکستان کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ 25 پاکستانی اس ملک کی مختلف جیلوں میں اپنی سزائے قید کی تکمیل کے بعد بھی سڑ رہے ہیں۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے یہاں کہا، ’’میں آپ کیلئے یہ تصدیق کردوں کہ ہندوستانی جیلوں میں ایسے کوئی پاکستانی قیدی موجود نہیں ہیں جو اپنی سزاء مکمل کرچکے ہیں اور جن کی قومیت کی (پاکستان کی جانب سے) تصدیق ہوچکی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جو پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور ہندوستانی جیلوں میں قید ہیں، ایسے قیدی ہیں جن کی قومیت کی یا تو پاکستانی حکومت نے تصدیق کردی ہے یا جنہوں نے اپنی عدالتی سزاء کی تکمیل نہیں کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT