Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی ٹیم کی پریکٹس ناقص موسم سے متاثر

ہندوستانی ٹیم کی پریکٹس ناقص موسم سے متاثر

کولکتہ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی آج یہاں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے کے ضمن میں کی جانے والی پریکٹس نہیں ہوپائی ہے ، چونکہ یہاں کا موسم خراب ہے اور ایڈن گارڈن پر مکمل کاور ڈالا گیا ہے جبکہ آسٹریلیائی ٹیم نے انڈور اسٹیڈیم کی سہولیات سے استفادہ کیا۔ محکمہ موسمیات کولکتہ کے ڈائریکٹر گنیش داس نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ ناقص موسم دراصل خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا نتیجہ ہے نیز مانسون کی وجہ سے بارش ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا معاملہ کل ختم ہوسکتا ہے لیکن اس کے باوجود میچ کے دن شدید بارش کا بھی امکان موجود ہے۔ ایڈن گارڈن گزشتہ دو دنوں سے کاور کیا گیا ہے اور آسٹریلیائی ٹیم نے آج صبح یہاں پہونچنے کے بعد فوری اپنا ذہن تبدیل کرتے ہوئے انڈور سہولیات سے استفادہ کا فیصلہ کیا جبکہ بولروں نے ہوٹل واپس جانے کو ترجیح دی۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے آج صبح ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایڈن گارڈن پر کاور موجود ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ہم آج گراؤنڈ پر پریکٹس کرپائیں گے۔ ہندوستانی ٹیم نے آج شام کے اوقات میں پریکٹس کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ناقص موسم کی وجہ سے انہوں نے اپنا منصوبہ ملتوی کردیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کمیونیکیشن عہدیدار نے کہا کہ کیونکہ بارش ہورہی ہے اور تمام سہولیات کو ڈھانپ دیا گیا ہے لہذا ہم آج میدان میں نہیں جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دوپہر کو یہاں تیز بارش ہوئی تب سے ہی میدان کو ڈھانپ دیا گیا ہے اور آج ہلکی بارش کے باعث کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کا میدان عملہ نے کوئی جوکھم نہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے میدان پر موجود چادروں کو ویسے ہی رکھا ہے۔ ایسٹ زون کے کیوریٹر آشیش بھومک نے کہا کہ ہمیں کم سے کم دو گھنٹے کی دھوپ چاہئے جس کے بعد ہی میدان کو تیار کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ چینائی میں منعقدہ پہلے ونڈے بھی بارش سے متاثر ہوا تھا جہاں ہندوستان پہلے 50 اوورس کھیلنے کے بعد آسٹریلیا کو اوورس کم کرتے ہوئے نشانہ دیا گیا جس میں وہ ناکام ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT