Tuesday , September 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستانی ہاکی ٹیمیں خالی ہاتھ وطن لوٹیں گی

ہندوستانی ہاکی ٹیمیں خالی ہاتھ وطن لوٹیں گی

گولڈ کوسٹ۔14 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) ہندستان کی مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں کو آج برونز میڈلس کے مقابلوں میں انگلینڈ کے خلاف بالترتیب 1۔2 اور 0۔6 کی شکست برداشت کرتے ہوئے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں خالی ہاتھ رہنا پڑا۔ہندستانی مرد ٹیم نے گزشتہ دوایونٹ میں سلور میڈلس جیتے تھے لیکن من پریت سنگھ کی قیادت والی ہندستانی ٹیم اب گولڈ کوسٹ سے چوتھے مقام اور خالی ہاتھ لوٹے گی۔یہی حال خواتین ٹیم کا بھی رہا جسے چوتھا مقام حاصل ہوا۔ہندستان کی دونوں ہاکی ٹیموں نے ان کھیلوں میں سب سے زیادہ مایوس کیا جبکہ دونوں سے ہی میڈل کی بڑی امیدیں تھیں۔مرد ٹیم نے اپنے آخری گروپ میچ میں انگلینڈ کو 4۔3 سے شکست دی تھی لیکن برونز میڈل مقابلے میں اسے انگلینڈ کے خلاف 1۔2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندستانی ٹیم نے میچ میں بہت موقع گنوائے اور یہی اس کی شکست کا سب سے بڑا سبب رہا۔خواتین ٹیم کو تو انگلینڈ کے خلاف 0۔6 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی۔ہندستانی مرد ٹیم کی دولت مشترکہ کھیلوں سے پہلے سلطان اذلان شاہ ٹورنمنٹ میں بھی مایوس کن کارکردگی رہی اور ہندستان کو چھ ٹیموں میں پانچویں مقام ملا تھا۔ہندستانی ٹیم کچھ تبدیلی کے ساتھ گولڈ کوسٹ پہنچی اور اس نے اپنے روپ میں ابتدائی لڑکھڑاہٹ کے بعد پہلا مقام حاصل کیا لیکن سیمی فائنل میں اسے نیوزی لینڈ کے خلاف 2۔3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انگلینڈ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہندستان سے گروپ شکست کا بدلہ چکا لیا اور ساتھ ہی برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔میچ میں ہندستان کا آغاز خراب رہا اور ساتویں منٹ میں سیم وارڈ نے انگلینڈ کو 1۔0 کی برتری دلا دی۔ ہندستان نے واپسی کرنے کی کافی کوششیں کیں اور اسے 27 ویں منٹ میں کامیابی حاصل ہوئی جب ورون کمار نے برابری کا گول کیا۔انگلینڈ نے پھر تیسرے کوارٹر میں 43 ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی۔اس بار بھی سیم وارڈ نے ہی گول کیا۔میچ کے تینوں گول پنالٹی کارنر پر ہوئے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT