Saturday , December 15 2018

ہندوستان ، ملکِ شام بن جائے گا، روی شنکر کی بالواسطہ دھمکی

اگر رام مندر مسئلہ حل نہیں ہوا تو …
ہندوستان ، ملکِ شام بن جائے گا، روی شنکر کی بالواسطہ دھمکی
نئی دہلی 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آرٹ آف لیونگ کے بانی سری سری روی شنکر نے کہاکہ اگر ایودھیا میں رام مندر کا مسئلہ نہیں حل کیا گیا تو ہندوستان ، ملکِ شام بن جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ عدالت سے جو بھی فیصلہ آئے گا اُس پر فریقین کا راضی ہونا ناممکن لگتا ہے۔ اگر کوئی فریق جیتے گا تو بھی اُس کی ایک طرح سے شکست ہی ہوگی۔ مندر یا مسجد کو لے کر جو بھی فیصلہ آئے گا اُس پر عدالت پر ایک فریق سوال کھڑا کردے گا اور عدالت کو مشکوک نگاہوں سے دیکھا جائے گا اور مرضی کے موافق فیصلہ نہ ہونے پر ملک میں جگہ جگہ فساد اور خانہ جنگی کی نوبت بھی آسکتی ہے۔ ایک خانگی چیانل کو انٹرویو کے دوران جب روی شنکر سے پوچھا گیا کہ زندگی جینے کا فن سکھاتے سکھاتے مندر بنانے کا فن کیوں سکھانے لگے تو اُنھوں نے کہاکہ امن اور شانتی کے لئے یہ بہت ضروری ہے۔ جب تک اس مسئلہ کو نہیں سلجھائیں گے ملک کی ترقی میں یہ مسئلہ رکاوٹ بنا رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے عوام چاہتے ہیں کہ ایودھیا میں رام مندر بنے۔ اُنھوں نے کہاکہ مندر تین طریقے سے بن سکتا ہے۔ ایک تو عدالت کے فیصلے سے، دوسرا مرکزی حکومت کی جانب سے قانون میں ترمیم کرکے یا پھر باہمی رضامندی سے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ اگر عدالتی فیصلہ مسجد کے حق میں آیا تو ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں آسکتا ہے اور ہندو اور مسلمانوں میں فاصلے بڑھ جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT