Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / ہندوستان ، پاکستان ، چین اورافغانستان میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ

ہندوستان ، پاکستان ، چین اورافغانستان میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ

خیبرپختونخواہ میں 3 ہلاک ، 28 زخمی، اسلام آباد میں سراسیمگی ، دہلی ،کشمیر ، گجرات ، پنجاب ، ہماچل پردیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے ، عوام گھروں سے باہر
نئی دہلی / اسلام آباد ۔ /10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان ، پاکستان ، افغانستان ، چین اور تاجکستان میں آج 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا ۔ عوام خوف و ہراس کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں اس طاقتور زلزلے سے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ زلزلہ کا مبداء افغانستان اور پاکستان کے علاقے میں واقع ایک مرکز میں پایا گیا ۔ اسلام آباد سے  236 کیلو میٹر دور ہندوکش علاقہ میں مبدے کی نشاندہی کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 تا 15 سیکنڈ تک محسوس کئے جانے والے طاقتور زلزلے میں خیبر پختونخواہ اور پنجاب صوبہ میں شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ پاک مقبوضہ کشمیر اور گلگیت بلتستان خطوںمیں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عوام اپنے گھروں سے خوف کے عالم میں باہر نکل آئے ۔ افغانستان کے شمال مشرقی علاقہ میں زلزلے کا جھٹکہ 6.6 محسوس کیا گیا ۔ گزشتہ اکٹوبر میں یہاں پر افغانستان ، پاکستان سرحد کے قریب 7.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 400 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ کئی عمارتیں تہس نہس ہوگیئں تھیں ۔ افغانستان کے ہندوکش پہاڑی خطہ میں زلزلے کا مبداء پائے جانے کے بعد دہلی ، جموں و کشمیر ، پنجاب ، چندی گڑھ ، ہریانہ اور گجرات کے علاوہ اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔  پنجاب میں پھگواڑہ کے ایک کالج ٹیچر انودوپ گوریا نے کہا کہ زلزلے کا جھٹکہ محسوس ہوتے ہی کئی افراد اتوار کے باعث مکانات میں آرام کررہے تھے ۔ گھروں سے دوڑ نکلے ۔ مقامی محلے کے لوگ سڑکوں اور میدانوں میں جمع ہوگئے ۔

مدھیہ پردیش کے ٹاؤن گوالیار ، بھینڈ ، مورینا اور بھوپال میں بھی زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ۔ ان علاقوں میں زلزلے کی شدت 6.8 ناپی گئی ہے جو رات 3.58 کو محسوس کیا گیا ۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق اس علاقہ میں جمعہ کے دن بھی جھٹکے محسوس کئے گئے تھے ۔ نئی دہلی میں ڈپٹی چیف منسٹر منیش شیشوڈیا نے کہا کہ وہ زلزلہ کے جھٹکے کے وقت سکریٹریٹ میں موجود تھے ۔ انہوں نے جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاع ٹوئیٹر پر دی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی چھٹویں منزل کی آفس پر فرنیچر ، گلدستے وغیرہ کو ہلتے ہوئے دیکھا ۔ دہلی آتش فرو عملہ اور پولیس عہدیداروں نے کہا کہ کنٹرول روم کو زلزلہ کا جھٹکہ محسوس ہونے کے بعد کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ زلزلے کے باعث شہر لاہور کے عوام بھی خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکلے ۔ دہلی میٹرو کی سرویس کو عارضی طور پر روک دیا گیا ۔ میٹرو اتھاریٹیز نے کہا کہ میٹرو سرویس کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا ۔ بعد ازاں سرویس بحال کردی گئی ۔ چندی گڑھ کے قریب موہالی میں جہاں پر آئی پی ایل 2016 ء میچ کھیلا جانے والا ہے کھلاڑی آرون فنچ نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ یہ لوگ جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں وہاں سے انہیں خالی کرادیا گیا ہے ۔ گجرات کے شہر سورت میں بھی معمولی جھٹکہ محسوس کیا گیا ۔ وادی کشمیر میں خوفزدہ عوام اپنے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات پر پہونچ گئے جہاں پر 2005 ء میں بہت بڑا زلزلہ آیا تھا ۔ سابق میں بھی کشمیر میں وقتاً فوقتاً زلزلے محسوس کئے گئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT