Tuesday , November 13 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان آج عالمی چمپئین ونڈیز کیخلاف کلین سوئپ کا خواہاں

ہندوستان آج عالمی چمپئین ونڈیز کیخلاف کلین سوئپ کا خواہاں

چینائی ۔10نومبر(سیاست ڈاٹ کام)شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہندوستانی ٹیم کل یہاں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی20 میچ میں مہمان عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم نے پہلے دو میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور سیریز 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری کے ساتھ اپنے نام کر لی۔ اب ہندوستانی ٹیم کا مقصد اس اسکور کو3-0 کرنا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے ہندستان دورے کا اختتام کامیابی کے ساتھ کر کچھ ساکھ محفوظ کرنا چاہے گی۔ ہندستانی ٹیم مینجمنٹ نے تیسرے مقابلے کے لئے اپنے تین اہم بولروں جسپریت بمراہ اور امیش یادو اور چائنامین بولر کلدیپ یادو کو آرام دیا ہے ۔ تینوں بولروں کو آسٹریلیا کے آئندہ دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ بالکل فٹ رہ سکیں۔ سلیکٹروں نے فاسٹ بولر سدھارتھ کول کو آخری ٹوئنٹی20 میں ہندستانی ٹیم کا حصہ بنایا ہے ۔ بمراہ نے پہلے دو ٹوئنٹی 20 میچوں میں تین وکٹ لئے تھے اور آٹھ اوورز میں صرف 47 رنز دیے تھے ۔ کلدیپ کا ونڈیز کے خلاف مظاہرہ بہترین رہا ہے اور انہوں نے ون ڈے میں 19.88 کے اوسط سے نو وکٹ لئے جبکہ دو ٹوئنٹی20 میں پانچ وکٹلئے۔ وہ کولکتہ میں مین آف دی میچ رہے تھے ۔آخری میچ کے لیے ٹیم میں شامل سدھارتھ نے اب تک ہندستانی ٹیم کے لیے تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی20 میچ ہی کھیلے ہیں۔ وہ ستمبر میں ہندستان کے لیے ایشیا کپ میں کھیلے تھے ۔ ٹیم میں سدھارتھ کے علاوہ بھونیشور کمار، خلیل احمد دیگر فاسٹ بولر ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں لیگ اسپنر یجویندر چہل، اسپن آل راؤنڈر کرنال پانڈیا، اسپنر شہباز ندیم اور واشنگٹن سندر دیگر اسپنر ہیں۔ امید ہے کہ ندیم کو آخری میچ میں موقع مل سکتا ہے جنہوں نے گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور انہیں اپنے پہلے مقابلیکا انتظار ہے ۔ ندیم نے گھریلو لسٹ اے میچ میں آٹھ وکٹ لینے کا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔کپتان روہت شرما شاندار فارم میں ہیں لیکن شکھر دھون کو ایک بڑی اننگز کا انتظار ہے ۔ مہندر سنگھ دھونی کے متبادل کہے جا رہے رشبھ پنت اب تک دو میچوں میںناکام ہوئے ہیں جبکہ وکٹ کیپر دنیش کارتک نے موقعوں کا پورا فائدہ اٹھایا ہے ۔ کرنال پانڈیا نے اپنی افادیت ثابت کی ہے ۔کارلوس بریتھویٹ کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے دو میچوں میں ویسا مظاہرہ نہیں کیا ہے جیسی عالمی چمپئن ہونے کے ناطے اس سے امید کی جا رہی تھی۔ شائي ہوپ اور شمرون ھتمائر نے ونڈے سیریز میں شاندار بیٹنگ کی تھی لیکن ٹوئنٹی20 میچوں میں دونوں ہی خاموش ہیں ۔ آئی پی ایل میں ہندستان میں جلوہ دکھانے والے کیرون پولارڈ نے اب تک مایوس کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT