Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / ہندوستان اقتدار اعلیٰ کا تمام تر قوت کیساتھ تحفظ کا اہل

ہندوستان اقتدار اعلیٰ کا تمام تر قوت کیساتھ تحفظ کا اہل

مسلح افواج کی طاقت کو حسب ضرورت مؤثر طور پر استعمال کرنے کا عہد، صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا خطاب

انبالہ / نئی دہلی10نومبر (سیاست ڈاٹ کام)صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہاکہ ہندوستان یوں توامن کا پابند عہد ہے لیکن وہ قوم کے اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کے لئے اپنی بھرپور طاقت کو بروئے کار لائے گا اور اپنی مسلح افواج کا مؤثر استعمال کرے گا۔ مسٹر مکرجی جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں،وہ یہاں فضائیہ کے اڈے میں ایک تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ ملک کی مسلح افواج اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل میں اعلیٰ ترین معیارات کے ساتھ کام کرنے کی اہل ہیں۔ انھوں نے انڈین ایر فورس کو سراہا جو ملک کی ملٹری طاقت کی پہچان بن چکی ہے۔ صدرجمہوریہ نے 501 سگنلس یونٹ بمقام برنالہ اور 30 اسکواڈرن بمقام تیزپور (آسام) کو آج کی تقریب میں سرفراز کیا اور آئی اے ایف کی ان دونوں یونٹوں کو تاکید کی کہ اپنے اعلیٰ اقدار اور روایات کو سربلند رکھیں۔ اِس موقع پر گورنر ہریانہ کپتان سنگھ سوناکی ، چیف منسٹر منوہر لال کھتر ، وزیر صحت انیل وج ، ایرچیف مارشل اروپ راہا اور ایر مارشل ایس بی دیو و دیگر موجود تھے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ 501  سگنل یونٹ  30  اسکواڈرن نے انتہائی امتیاز اور افتخار کے ساتھ ملک و قوم کی زبردست خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی بے لوث، نیک نیتی، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کے تئیں سچی لگن کے لئے انہیں اظہار ممنونیت اور ستائش کے ساتھ آج قوم انہیں ا عزاز و افتخار سے سرفراز کررہی ہے ۔

مسٹر مکرجی نے کہا کہ 501 سگنل یونٹ نے آج ملک و قوم کی شاندار خدما ت کے 52 بر س مکمل کرلئے ہیں۔ یہ یونٹ اپنے قیام کے وقت سے ہی برنالہ میں واقع ائیر ڈیفنس گراؤنڈ اسٹیشن کے طور پر شمالی خطے میں فضائی دفاع کی زبردست خدمات انجام دیتی رہی ہے ۔ 501 سگنل یونٹ نے جنگ اور امن دونوں زمانوں میں اپنی خدمات انتہائی عزم اور سچی لگن کے ساتھ انجام دی ہیں۔مسٹر مکرجی  نے کہا کہ 30 اسکواڈرن یا ’رینو‘ کی تشکیل یکم نومبر 1969 ء کو تیز پور میں کی گئی تھی۔ ان دنوں یہ یونٹ مگ۔21 ایف ایل طیاروں سے لیس تھی۔ خواہ مگ۔21 طیار ہ یا پیچیدہ جنگی طیارے سکھوئی ۔30 ایم کے 1ہو ، ہر دو قسم کے پرواز میں اس یونٹ نے اپنی خدمات کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے ۔اس یونٹ کے ا فسران، جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایسی بے لوث خدمات انجام دی ہیں جو دوسروں کے لئے قابل تقلید ہیں۔اس موقع پر صدر جمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ یہ دونوں یونٹ مستقبل میں بھی اپنے پیشہ ورانہ جوش و جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی بے لوث خدمات انجام دیتے رہیں گے ۔انھوں نے اس موقع پر دونوں یونٹوں کے موجودہ اور سابقہ جوانوں اور افسروں کے خاندانوں کو ان کی بے لوث قربانیوں اور ملک و قوم کے لئے ان کی سچی خدمات کے لئے مبارکباد پیش کی۔1971 ء کی ہند ۔ پاک جنگ میں اِن میں سے ایک یونٹ نے بلاتوقف نگرانی اور جنگی نقطہ نظر سے ماہرانہ قابلیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی افادیت کو ثابت کیا تھا۔ جبکہ اس یونٹ کی سرگرمیاں پنجاب سیکٹر کے ایر ڈیفنس ہتھیاروں سے متعلق رہیں۔

TOPPOPULARRECENT