Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان ‘ انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب

ہندوستان ‘ انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب

England's cricket captain Alastair Cook raises his bat and helmet after scoring century on the fifth day of the first cricket test match between India and England in Rajkot, India, Sunday, Nov. 13, 2016. (AP Photo/Rafiq Maqbool)

مہمان کپتان الیسٹر کک کی شاندار سنچری ۔ حسیب حمید کے 82 رن ۔ میزبان کپتان کوہلی کی بھی صبر آزما بلے بازی

راجکوٹ 13 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج مشکل اور صبرآزما مرحلہ کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے تاہم مہمان ٹیم کو نفسیاتی سبقت ضرور مل گئی ہے جس نے پانچ دن کے دوران کھیل پر اپنی گرفت مستحکم دکھائی تھی ۔ ہندوستان کو جیت کیلئے کم سے کم 49 اوورس میں جیت کیلئے تقریبا نا ممکن 310 رنوں کا نشانہ دیا گیا تھا ۔ ہندوستان نے 52.3 اوورس میں چھ وکٹس کے نقصان سے 172 رن بنائے تھے ۔ ٹیم انڈیا نے پوری اننگز کے دوران کبھی بھی نشانہ کے تعاقب کی کوشش نہیں کی ۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے صبر آمما بیٹنگ کی اور وہ 98 گیندوں میں 49 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے چھ چوکے لگائے تھے ۔ رویندر جڈیجہ نے 32 ناٹ آوٹ رن بنائے ۔ ہندوستان نے چھ وکٹس 132 رنوں پر کھودئے تھے ۔ قبل ازیں آج دن میں انگلینڈ نے ہندوستان کیلئے جیت کے تمام دروازے عملا بند کردئے تھے ۔ انگلینڈ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 180 رن بنائے تھے ۔

الیسٹر کک نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی ۔ وہ 130 رن پر آوٹ ہوئے جبکہ نوجوان کھلاڑی حسیب حمید نے بھی بہترین بیٹنگ کی اور 82 رن بنائے ۔ پانچویں دن کی وکٹ سے ہندوستانی بولرس کو کوئی مدد نہیں مل رہی تھی ۔ امیت مشرا نے قدرے اچھی بولنگ کی اور 13 اوورس میں 60 رن کے عوض انہوں نے دو وکٹس حاصل کئے ۔ اس کے علاوہ تقریبا تمام بولرس بے اثر ثابت ہوئے اور کپتان الیسٹر کک نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے تمام بولرس کا اچھا مقابلہ کیا ۔

انہوں نے تقریبا پانچ گھنٹوں تک کریز پر وقت گذارتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے 243 گیندوں میں 130 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان اسٹرائیک بولر سمجھے جانے والے آر اشون نے دونوں اننگز میں جملہ 69.3 اوورس کی بولنگ کی اور انہیں 230 رنوں کے عوض صرف تین وکٹس مل سکے ۔ رویندر جڈیجہ نے بھی میچ میں 47 اوورس کی گیند بازی کرتے ہوئے تین وکٹس حاصل کئے جبکہ امیت مشرا کو بھی میچ میں تین وکٹس پر ہی اکتفا کرنا پڑآ ۔ انہوں نے حالانکہ 36.3 اوورس گیند بازی کی لیکن 158 رنز خرچ کئے ۔ ایک موقع پر اشون منفی بولنگ کر رہے تھے ۔ انہوں نے کک اور بین اسٹوکس کو رن بنانے سے روکنے کیلئے لیگ اسٹمپ کے باہر گیند بازی کرنی شروع کی تھی ۔ ہندوستان کیلئے ایک اور تشویش کی بات اوپنر گوتم گمبھیر کا فارم رہا ۔ ان کی تکنیک میں بھی خامیاں دیکھنے میں آئیں جبکہ وہ انگلش ٹیم کی بہترین فاسٹ بولنگ کا ٹھیک طرح سے سامنا نہیں کر پا رہے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT