Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان اورسری لنکا آج پہلے ٹسٹ میں مدمقابل

ہندوستان اورسری لنکا آج پہلے ٹسٹ میں مدمقابل

پانڈیاکے ٹسٹ کرئیر کے آغاز کا امکان

گال ۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نو منتخب ہیڈ کوچ روی شاستری جو آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں اپنی ٹیم کو نمبرون مقام پر برقرار کھنے کے مشن پر ہیں ان کی نگرانی میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے کل یہاں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ کیلئے تیاری مکمل کرلی ہے۔ آف اسپنر روی چندرن اشوین بھی میزبان کے خلاف اپنے کیریئر کا 50واں ٹسٹ کھیلنے کیلئے میدان پر اُتریں گے۔ اس ضمن میں اشون نے کہا کہ ٹیم ایک مرتبہ پھر سری لنکائی سرزمین پراچھی کارکردگی دکھانا چاہتی ہے۔ 2015 ء میں کپتانی کے بعض مسائل سامنے آئے تو ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا میں ذمہ داری سنبھالی اور پھر بنگلہ دیش میں ایک ٹسٹ کھیل کر سری لنکا آئے تھے اور اب وہ اپنے اس شاندار آغازکے ریکارڈ کو بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہوگے۔ کوہلی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کیلئے کئی اہداف مقرر کئے تھے اور انہیں حاصل بھی کیاگیا جس کے باعث بطور گروپ گزشتہ چند سال میں بہتر کارکردگی دکھاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دورے میں ان کی ذاتی کارکردگی بھی اچھی رہی اور اس دوران کئی اچھے لمحات بھی رہے تاہم ہرٹسٹ میچ ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ کئی اچھے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں ، نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم میں شامل ہو کر ذمہ داری سنبھالی اور دیگر پلیئرز نے حوصلہ افزائی سے جوش بڑھایا جن میں ان کے علاوہ رویندر جڈیجہ ، چیتشور پجارا بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں کیونکہ وہ پروفیشنل کرکٹرز ہیں لہٰذا سری لنکا کو اس کی اپنی سرزمین پر تر نوالہ سمجھنے کی غلطی نہیں کی جاسکتی۔ سری لنکا کا گھریلو میدانوں پر کسی بھی دوسری ٹیم کیخلاف ریکارڈ کافی بہتر ہے اس لئے ٹسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔کل کے قطعی 11 کھلاڑیوں کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی شمولیت کا اشارہ دیا ہے۔کوہلی کے بموجب ٹیم میں آل راؤنڈر کے مقام پر پانڈیا کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں اور پانڈیا اپنے ٹسٹ کرئیر کا آغاز سری لنکا کے خلاف گال ٹسٹ سے کرسکتے ہیں۔کوہلی نے پانڈیا کی شمولیت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پیچ پر وکٹ حاصل کرنے کی صلاحیت پانڈیا کو 11 کھلاڑیوں میں مقام دلواسکتی ہے۔ یاد رہے کہ 2015 ء میں جب ہندوستان نے گال ٹسٹ کھیلا تھا جب کوہلی نے 5 بولروں کو شامل کیا تھا جس سے ایک بیٹسمین کی کمی محسوس کی گئی اور اس مرتبہ پانڈیا کوشامل کرتے ہوئے بولر اور بیٹسمین کے توازن کو برقرار رکھنے کا امکان ہے۔کوہلی نے گال کی وکٹ کو بیٹنگ کے لئے سازگار قراردیا ہے اور کہا ہے کہ اس وکٹ پر ایک اچھا ٹسٹ مقابلے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT