Friday , April 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان ایک اننگز اور239 رنز سے فاتح

ہندوستان ایک اننگز اور239 رنز سے فاتح

اشون کی 300 وکٹیں مکمل،6 ڈسمبرکو آخری ٹسٹ

ناگپور۔27نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپنروں اورفاسٹ بولروں کے شاندار مظاہریکی بدولت ہندوستان نے سری لنکاکو دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن ہی لنچ سے تھوڑی دیر بعد 166 رن کے معمولی اسکور پر آؤٹ کرکے میچ ایک اننگز اور239 رنز سے جیت لیا اور اسی کے ساتھ میزبان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی اہم برتری حاصل کرلی۔ قبل ازیں ہندوستان نے مئی2007 میں بنگلہ دیش کو ڈھاکہ میں ایک اننگزاور 239 رنز سے شکست دی تھی اس طرح اس نے اپنے ٹسٹ تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی کی برابری بھی کرلی ہے ، سری لنکا کو بھی ایک اننگز اور239 رنز سے شکست دیکر اپنے ہی ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ کولکتہ میں ڈرا ہوئے پہلے ٹسٹ کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے دنیا کی نمبر ایک ہندستانی ٹیم نے اس میچ میں آغاز سے ہی اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔آف اسپنر روی چندرن اشون نے لاھرو گماگے (صفر) کا آخری وکٹ لے کر نہ صرف سری لنکا کی اننگز کو سمیٹا بلکہ اسی کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 300 وکٹیں لینے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ میں اشون نے آٹھ وکٹیں لیں۔ سری لنکا کے خلاف کپتان ویراٹ کوہلی کے ڈبل سنچری سمیت چار سنچریوں سے آراستہ اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 610 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کرنے والی میزبان ٹیم نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں چوتھے ہی دن لنچ کے کچھ دیر بعد 49.3 اوور میں 166 رن پر آؤٹ کرکے ایک اننگز اور 239 رنوں سے جیت اپنے نام کرلی۔ ہندوستان کی اس فتح میں بیٹسمینوں کے بعد اس کے بولروں کا بھی اہم کردار رہا جس میں اشون نے63 رنز پر چار وکٹ، رویندر جڈیجہ نے28 رنز پر دو وکٹ لئے ۔ایشانت شرما نے43 رنز پر دو وکٹ اور امیش یادو نے 30 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔ میزبان ہندوستان سے پہلی اننگز میں 405 رنوں سے پیچھے رہنے کے بعد سری لنکا نے چوتھے دن کی صبح ایک وکٹ پر 21 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک اس نے اپنے آٹھ وکٹ145 رنز پر گنوا دیئے ۔کپتان دنیش چنڈیمل اور سرنگا لکمل نے نویں وکٹ کے لئے 58 رن جوڑے ۔ چنڈ یمل نے 82 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر 61 رنز بنائے جو اس میچ میں ان کی دوسری اور ٹسٹ میں 15 ویں نصف سنچری ہے ۔ ان کے ساتھ لکمل نے ناٹ آؤٹ 31 رن بنائے ۔ انہوں نے 32 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ سری لنکا کے آخری دونوں ہی بیٹسمین نے دیر تک ٹکنے کی ہمت دکھائی لیکن بالآخر چنڈیمل کو 47 ویں اوور میں یادو نےآوٹ کیا۔ دوسرے سرے پر لکمل ڈٹے رہے لیکن گماگے کو نو گیند بعد اشون نے بولڈ کرکے اپنے 300 وکٹس پورے کرلئے ۔ہندوستان کی سری لنکاکے خلاف یہ لگاتار 10 ویں جیت بھی ہے جبکہ موجودہ ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ کولکاتا میں ڈرا رہا تھا۔ اسی برس ہندوستان نے سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر تینوں فارمیٹ میں 9۔0 شکست دی تھی۔ سری لنکا نے دن کا آغاز21 رنز پر ایک وکٹ سے آگے کیا تھا، دیمتھ کرونا رتنے(11) اور لاہیرو تریمانے 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے ۔ سری لنکا نے میچ شروع ہونے کے چھ اوورس تک ہندوستان کو وکٹ نہیں دئے لیکن پھر کرونا رتنے18 رن پر جڈیجہ کی شارٹ لیگ گیند پر مرلی وجے کو کیچ تھما بیٹھے ۔

TOPPOPULARRECENT