Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان دورہ جنوبی افریقہ پر 3ٹسٹ کھیلے گا

ہندوستان دورہ جنوبی افریقہ پر 3ٹسٹ کھیلے گا

 

نئی دہلی ۔ 21ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ پر 3ٹسٹ مقابلے ‘ 6ونڈے اور 3ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے گی ۔ سیریز کا 5جنوری کو آغاز ہوگا ۔ بی سی سی آئی کے کارگذار سکریٹری امیتابھ چودھری نے میڈیا ریلیز کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ ہندوستانی ٹیم مہاتما گاندھی ۔ نلسن منڈیلا ٹسٹ سیریز میں 3مقابلے کھیلے گی جس کے بعد 6ونڈے مقابلے ہوں گے جب کہ سیریز کا اختتامی مرحلہ 3ٹوئنٹی 20مقابلوں پر مشتمل ہوگا ۔ جب کہ مقامات اور تواریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ ابتداء میں امید کی جارہی تھی کہ ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 4ٹسٹ مقابلے کھیلے گی لیکن سری لنکا کے خلاف گھریلو سیریز ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں ختم ہورہی ہے جس کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ٹسٹ مقابلہ کم کرلیا گیا ہے ۔ ان تفصیلات کے بعد اب ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم روایتی باکسنگ ڈے ٹسٹ جو کہ 26ڈسمبر کو شروع ہوتا ہے ‘ اور نئے سال کا پہلا ٹسٹ جو کہ 2جنوری کو شروع ہوتا ہے یہ دونوں بھی نہیں کھیل پائے گی جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 5جنوری کو ہوگا ۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے ہی سیریز کے آغاز سے قبل 10دن کا وقفہ طلب کیا ہے جس میں کم سے کم ایک ٹور مقابلہ کھیلا جاسکے تاکہ جنوبی افریقہ کی اچھال لیتی وکٹوں سے واقفیت ہوسکے ۔ ہندوستانی ٹیم چونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف مذکورہ سیریز کے فوری بعد سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں وہ سہ رخی ٹوئنٹی 20سیریز کھیلے گی جسے انڈیپنڈنٹس کپ کا نام دیا گیا ہے ۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جنوبی افریقہ کی سیریز کا بالآخر اعلان کردیا گیا ہے کیونکہ اس سیریز سے متعلق گذشتہ کئی دنوں سے مختلف نوعیت کی تفصیلات منظر عام پر آرہی تھی جہاں دورہ پر ہی سوالیہ نشان بھی لگایا جارہا تھا ۔ کوہلی کی قیادت میں جنوبی افریقہ کا دورہ ہندوستانی ٹیم کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ کوہلی کی ٹیم ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے علاوہ کسی دوسرے ملک کا دورہ کرتے ہوئے سخت ٹسٹ سیریز میں شرکت نہیں کی ہے کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 2 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بیرونی سیریز اپنے نام کی ہے

 

TOPPOPULARRECENT