Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان سے سیریز کیلئے احسان مانی کے مشورے

ہندوستان سے سیریز کیلئے احسان مانی کے مشورے

کراچی ، 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق آئی سی سی سربراہ احسان مانی نے ہندوستان سے باہمی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چند مفید مشورے دیئے ہیں۔ مانی کا کہنا ہے کہ چار طریقے اپنا کر ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ ہی آئی سی سی کو بھی مشکل میں ڈالا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنا وعدہ یاد دلا کر اس سے منت سماجت کرنے کے بجائے اب ایک ٹھوس موقف اپنانے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ آئی سی سی میں رہتے ہوئے یہ بات جان چکے ہیں کہ ہندوستان سے سختی کے ساتھ ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں گلوبل ایونٹس میں زیادہ پیسہ کمانے کی خاطر ایک ہی گروپ میں رکھی جاتی ہیں کیونکہ براڈ کاسٹرز کی بھی یہی ڈیمانڈ ہوتی ہے اور پاکستان کو چاہئے کہ وہ آئی سی سی پر واضح کر دے کہ وہ ہندوستان کے خلاف گروپ میچز نہیں کھیلنا چاہتا۔ دوسری ترکیب یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پاکستان آئی سی سی سے کہہ دے کہ ’’بگ تھری‘‘ میں ہندوستان کی پوزیشن پر نظر ثانی کی جائے کیونکہ اُس نے باہمی سیریز سے منہ موڑ لیا ہے۔ مانی نے بتایا کہ گورننگ باڈی کرکٹ میں سیاسی مداخلت کی مخالف ہے لیکن نئے صدر بی سی سی آئی برسراقتدار بی جے پی کے حمایت یافتہ ہیں اور پی سی بی کو چاہئے کہ وہ اس جانب توجہ مبذول کرائے کہ انوراگ ٹھاکر اور راجیو شکلا سمیت بی سی سی آئی کے بیشتر عہدیدار سیاست دان ہیں اور آئی سی سی سے پوچھا جائے کہ وہ کس حیثیت سے بیان بازی کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT