Tuesday , September 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان عالمی ریکارڈ کامیابی سے صرف7 وکٹ دور

ہندوستان عالمی ریکارڈ کامیابی سے صرف7 وکٹ دور

نئی دہلی۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے شکھر دھون (67)، کپتان کوہلی (50) اور روہت شرما (ناٹ آوٹ 50) کی شاندار نصف سنچریوں سے اپنی دوسری اننگز چوتھے دن پانچ وکٹ پر246 رنز پر ڈکلیئر کرکے سری لنکا کے سامنے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں جیت کے لیے 410 رنز کا ہدف رکھا۔سری لنکائی ٹیم کا نشانے کے تعاقب میں آغازانتہائی مایوس کن ہوا اس نے 16 اوورس کے کھیل میں صرف 31 رنز پر ہی اپنے 3 وکٹ گنوادئے۔دن کے اختتام پر متھیوز دو گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے ہیں جبکہ ڈی سلوا 30 گیندوں میں ایک چھکے کے مدد سے 13رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔رویندرجڈیجہ نے 2 اور محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہندوستان کو پہلی اننگز میں 163 رن کی برتری حاصل ہوئی تھی -فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں گزشتہ 30 سال سے فاتح رہنے والا ہندوستان اب مسلسل نو سیریز جیتنے کے آسٹریلیا کے عالمی ریکارڈ کی برابری سے ایک قدم دور ہے ۔آسٹریلیا نے 2005 سے 2008 تک مسلسل نوسیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ ہندوستان کا یہ سفر 2015 میں سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر 2-1 سے شکست دینے کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ ہندوستان نے اس کے بعد جنوبی افریقہ کو 3-0، ویسٹ انڈیز کو 2-0 نیوزی لینڈ کو 3-0 ، انگلینڈ کو 4-0 ، بنگلہ دیش کو 1-0 ، آسٹریلیا کو 2-1 اور سری لنکا کو 3-0 سے شکست دی۔ہندوستان نے موجودہ سیریز میں سری لنکا کو ناگپور کے دوسرے ٹسٹ میں اننگز اور 239 رنز کے ریکارڈ فرق سے شکست دی اور اب کوٹلہ ٹسٹ میں بھی اس نے سری لنکا کے سامنے مشکل ہدف رکھا ہے ۔ہندوستان نے صبح سری لنکا کو پہلی اننگز میں 373 رن پر سمیٹنے کے ساتھ ہی 163 رنز کی بڑی سبقت حاصل کرلی اور اس کے بعد 52.2 اوورس میں پانچ وکٹ پر 246 رن جوڑے ۔ دھون نے اپنی32 ویں سالگرہ کا جشن 176 منٹ کریز پر رہ کر 91گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نصف سنچری بناکر منایا۔انہوں نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کپتان کوہلی نے اپنی زبردست فارم کو برقرار رکھتے ہوئے صرف 58 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 50رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے اس کے ساتھ ہی سیریز میں600 رنز بھی مکمل کر لیے ۔ کوہلی اس طرح تین مختلف سیریز میں 600 رنز بنانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ۔روہت شرما نے بھی بہترین بیٹنگ کی اور 49 گیندوں میں پانچ چوکے لگاتے ہوئے ناٹ آوٹ 50رنز بنائے ۔پجارا نے 66 گیندوں میں 49 رنز پر پانچ چوکے لگائے ۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے مرلی وجے نو رن اور تیسرے نمبر پر بھیجے گئے اجنکیا رہانے 10 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ رویندر جڈیجہ چار رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ہندوستان نے صبح کے سیشن میں دو وکٹ، دوپہر کے سیشن میں دو وکٹ اور آخری سیشن میں ایک وکٹ گنوایا۔ لنچ تک ہندوستان کا اسکور دو وکٹ پر 51 رنز اور چائے کے وقفہ تک چار وکٹ پر 192رنزبنائے تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT