Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / ہندوستان موہالی ٹسٹ میں کامیابی کی سمت گامزن

ہندوستان موہالی ٹسٹ میں کامیابی کی سمت گامزن

موہالی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف یہاں کیھلے جارہے تیسرے ٹسٹ میں بھی ہندوستانی ٹیم نے نہ صرف اپنا موقف مستحکم کرلیا ہے بلکہ وہ ایک اور آسان کامیابی کی سمت گامزن ہے جیسا کہ دن کے اختتام پر انگلش ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد 78 رنز اسکور کرلئے ہیں تاہم وہ ہندوستان کی پہلی اننگز میں بنائے جانے والے اسکور سے ہنوز 56 رنز پیچھے ہے۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے رویندر جڈیجہ کی ٹسٹ کیریئر میں شاندار اننگز اور لوور آرڈر میں دیگر بیٹسمینوں کے بہتر مظاہرے کی بدولت 417 رنز اسکور کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں 134 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ رویندر جڈیجہ نے 2014 ء لارڈس میں کھیلے گئے انگلینڈ کے خلاف مقابلہ میں اپنی کیریئر کی سب سے شانداز اننگز کھیلی تھی لیکن آج انہوں نے اپنے اس ریکارڈ کو مزید بہتر کرلیا جیسا کہ انہوں نے 170 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز میں 90 رنز اسکور کئے تاہم وہ اپنی پہلی ٹسٹ سنچری سے محروم رہے۔ علاوہ ازیں روی چندرن اشون نے 72 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف ہندوستان کو مشکل صورتحال سے باہر نکالنے میں اہم رول ادا کیا بلکہ اسپنرس کی اس جوڑی نے اپنی ٹیم کو مقابلہ میں کامیابی کی راہ بھی ہموار کردی۔ اشون نے نصف سنچری کے بعد انگلش ٹیم کی دوسری اننگز میں 12 اوورس کی بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جس میں کپتان الیسٹر کوک، معین علی اور بین اسٹوکس شامل ہیں۔ کوک نے دوسری اننگز میں اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹسمین جیو روٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ حکمت عملی بھی کامیابی نہ ہوسکے اور چودھویں اوور میں جس وقت ٹیم کا مجموعی صرف 27 رنز تھا کوک آئوٹ ہوئے۔ ایک اور تبدیلی کے ساتھ مڈل آرڈر بیٹسمین معین علی کو نمبر 3 پر بیٹنگ کے لئے روانہ کیا تاہم وہ بھی صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سیریز میں انگلینڈ کے لئے کامیاب ثابت ہونے والے بین اسٹوکس بھی 5 رنز بناکر اشون کا شکار بنے۔ اپنے کیریئر کا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے جینت یادو نے پہلے بیٹنگ میں اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد بولنگ میں وکٹ کیپر۔بیٹسمین بیرسٹو کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ دن کے اختتام پر روٹ 101 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ ان کے ساتھ گریتھ بیٹی 5 گیندیں کھیل چکے تھے تاہم انہوں نے ہنوز اپنا کھاتہ نہیں کھولا۔ قبل ازیں اشون اور جڈیجہ کے درمیان 7 ویں وکٹ کے لئے 97 رنز کی جو پارٹنرشپ بنی اس میں ہندوستان کو مقابلہ میں سبقت کی سمت گامزن کیا۔ علاوہ ازیں جینت یادو اور فاسٹ بولر اومیش یادو میں 9 ویں وکٹ کے لئے 33 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جس کی بدولت جینت جو کہ دوسرا ٹسٹ کھیل رہے ہیں، اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرپائے۔ آئی سی سی کی جانب سے تنبیہ کے واقعہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے اسٹوکس نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 73 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلش اسپنر عادل رشید نے 118 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

TOPPOPULARRECENT