Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / ہندوستان میں بیرونی سفارتخانوں پر سخت سکیورٹی

ہندوستان میں بیرونی سفارتخانوں پر سخت سکیورٹی

پیرس میں دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر حکومت کی ہدایت
نئی دہلی ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں آج پیرس میں دہشت گردانہ حملوں میں 128 افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس اور ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملک بھر میں اہم تنصیبات بشمول غیر ملکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں ۔سرکاری ذرائع نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں واقع سفارتخانوں ، ہائی کمشنرس اور قونصل خانوں کے باہر اضافی پولیس دستے متعین کردینے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں طیرانگاہوں ، ریلوے اسٹیشنس ، بس اسٹیشنوں اور مذہبی مقامات پر سخت نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ممنوعہ تنظیموں لشکر طیبہ اور انڈین مجاہدین سے غیر ملکی سفارتخانوں کو خطرہ لاحق ہے جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یہودی عبادتگاہوں و دیگر مقامات  پر بھی سکیورٹی بڑھادی گئی جہاں پر اسرائیلی سیاح اکثر و بیشتر حاضری دیتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ لشکر طیبہ نے پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلے کے ذریعہ عیسائی عبادتگاہوں کی تفصیلات حاصل کررکھی ہیں ، جبکہ وہ موجودہ طور پر شکاگو میں سزائے قید کاٹ رہا ہے ۔ دریں اثناء معاشی دارالحکومت ممبئی میں بھی عوامی مقامات پر سکیورٹی بڑھادی گئی، جہاں پر سابق میں دہشت گردانہ حملہ کئے گئے ۔ تھیٹروں ، بار اینڈ رسٹورنٹس اور شاپنگ مالس اور مارکٹس میں تمثیلی مشق کی جارہی ہے تاکہ سکیورٹی اسٹاف کو حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور دھماکو مادوں کا بروقت پتہ چلانے کی تربیت دی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT