Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ہندوستان میں بے روزگاری پر عوام کی خاموشی، انٹرنیٹ اور سوشیل میڈیا ذمہ دار، نوجوان طبقہ خواب غفلت میں

ہندوستان میں بے روزگاری پر عوام کی خاموشی، انٹرنیٹ اور سوشیل میڈیا ذمہ دار، نوجوان طبقہ خواب غفلت میں

 

حیدرآباد۔11مارچ(سیاست نیوز) ہندستان میں میں بیروزگاروں کی جانب سے حکومت کے خلاف بغاوت یا ناراضگی کا اظہار نہ کئے جانے اور خاموشی اختیار کئے جانے کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ انٹرنیٹ اورسوشل میڈیا اس کا ذمہ دار ہے۔ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی مصروفیت نے انہیں بنیادی مسائل اور ان کے اپنے کئی مسائل سے بے پرواہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ خانگی موبائیل کمپنیوں کی جانب سے فراہم کئے جانے والے مفت فون کالس کے علاوہ یومیہ 1.5تا 2جی بی ڈاٹا نے نوجوان نسل کو اس حد تک مصروف کر رکھا ہے کہ نوجوان نسل کو اس بات کی بلکل بھی پرواہ نہیں رہی کہ انہیں ملازمت حاصل نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی تجارتی حالات میں کوئی سدھار آرہا ہے بلکہ یومیہ انہیں مفت ملنے والے ڈاٹا کے سبب ان کی وقت گذاری ہو رہی ہے اور انہیں اس بات کی بالکل بھی پرواہ نہیں ہے کہ ان کا کتنا وقت ضائع ہونے لگا ہے ۔ واٹس اپ‘ فیس بک‘ ٹوئیٹر اور دیگر سماجی رابطہ کی ویب سائٹس پر نوجوانوں کی مصروف زندگی ہوتی جا رہی ہے اور وہ کام کی سمت متوجہ بھی نہیں ہو رہے ہیں اور کبھی کبھی حکومت کی پالیسی پر انہیں برہمی کا اظہار کرنا ہو تو ان ہی سوشل میڈیا ویب سائٹس پر سخت احتجاج کیا جانے لگا ہے اور احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا انتباہ بھی دیا جانے لگا ہے لیکن اس کے کوئی اثرات نہیں ہو رہے ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر احتجاج کرنے والوں کی جانب سے لائیک‘ کمنٹس کی گنتی کرتے ہوئے اپنے موقف کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں اور بعض نوجوانوں کی جانب سے تو فیس بک پر دنیا کے دیگر خطوں میں موجود لوگوں کے ساتھ گیمس کھیلتے ہوئے عالمی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے جبکہ ان کے اپنے بنیادی مسائل اور حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کھیلے جانے والے کھیل پر ان کی توجہ ہی نہیں ہے۔ والدین اور سرپرست بھی اس بات سے پریشان ہیں کہ ان کے اپنے بچے اپنے مستقبل کو اسمارٹ فون میں تلاش کر رہے ہیں اور انہیںکھانے اور مستقبل سے زیادہ اپنے موبائیل ڈاٹا کی فکر لاحق ہے اور موبائیل ڈاٹا مفت ملنے کے باعث وہ وقت گذارنے میں کامیاب ہونے لگے ہیں ۔ نوجوان نسل میں تیزی سے بڑھ رہی بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات نہ کئے جانے پر نوجوانوں میں پایا جانے والا سکوت سرپرستوں کو حیرت میں مبتلاء کئے ہوئے ہے کیونکہ سابق میں اگر حکومت نوجوانو ںکو روزگار فراہم کرنے میں یا پھر قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوتی تو ایسی صورت میں نوجوان نسل اپنے اور ملک کے مستقبل کے متعلق فکرمند ہوتے ہوئے سڑکوں پر نکل آتے تھے لیکن اب یومیہ مفت ڈاٹا کے سبب احتجاج بھی سوشل میڈیا پر کیا جانے لگا ہے۔

TOPPOPULARRECENT