Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندوستان میں جی ایس ٹی پر عمل آوری ناممکن : کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کی سفارشات

ہندوستان میں جی ایس ٹی پر عمل آوری ناممکن : کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کی سفارشات

موجودہ صورتحال کی مزید برقراری پر ملک کی معیشت تباہ ہونے کا امکان ، بی سی بھٹاچاریہ کا بیان
حیدرآباد۔25اکٹوبر(سیا ست نیوز) ہندستان میں جی ایس ٹی پر عمل آوری ناممکن ہے اور اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔ ہندستانی تاجرین کی تنظیموں کی جانب سے مرکزی حکومت کو سفارشات روانہ کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ جی ایس ٹی میں یکسانیت پیدا کی جائے اور علحدہ علحدہ جی ایس ٹی ٹیکس کو برخواست کیا جائے۔ کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کی جانب سے حکومت کو روانہ کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت ٹیکس کے دائرہ میں سب کو شامل کرنے کے کوشش کے بجائے ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار میں آسانی پیدا کرنے پر توجہ دے تاکہ ملک میں دگرگوں ہو رہے تجارتی حالات کو معمول پر لایا جاسکے۔ کانفیڈریشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ جی ایس ٹی کے سبب پیدا ہونے والی مشکلات کے حل کے لئے تاحال حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جا رہی ہے اور اس ابتر ہوتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئے۔ جی ایس ٹی کے موجودہ اصولوں کے متعلق خود عہدیداروں میں بے چینی کی کیفیت ہے کیونکہ وہ خود نہیں جانتے کہ ان حالات سے کس طرح نمٹا جائے۔مسٹر بی سی بھٹا چاریہ قومی صدر کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس نے بتایا کہ جی ایس ٹی روشناس کروائے جانے کے بعد ہندستانی تاجرین نے رضاکارانہ طور پر اسے قبول کیا لیکن حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی کے نفاذ کو سہل بنانے میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں اور تاجرین کی بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھنے کے لئے کوئی حکمت عملی ترتیب نہ دیئے جانے کے سبب حالات انتہائی ابتر ہو چکے ہیں۔ انہو ںنے مزید کہا کہ ان حالات میں تجارتی برادری مشکلات کا سامنا کررہی ہے اور صنعتی اداروں سے ملازمتیں ختم ہونے لگی ہے ںجس کا اثر ملک کی معیشت پر پڑرہا ہے۔کانفیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جی ایس ٹی سلاب سسٹم کو برخواست کرتے ہوئے یکسانیت پیدا کرنے کے علاوہ جی ایس ٹی لوک پال کے قیام کا فوری اعلان کیا جائے کیونکہ صنعتی اداروں اور تجارتی اداروں کے مابین آئندہ دنوں میں کئی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔اسی طرح جی ایس ٹی کونسل میں تجارتی برادری کو نمائندگی فراہم کی جائے تاکہ کونسل کے اجلاس میں تجارتی برادری کے نمائندے کی جانب سے زمینی حقائق پیش کئے جاسکیں۔

TOPPOPULARRECENT