Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان میں ویمنس آئی پی ایل ہونا چاہئے:متھالی

ہندوستان میں ویمنس آئی پی ایل ہونا چاہئے:متھالی

لندن۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ویمنس ٹیم کی کپتان میتھالی راج نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے باوجود انہیں اپنی کھلاڑیوں پر فخر ہے کیونکہ ٹیم نے پورے ٹورنمنٹ کے دوران اچھا کھیل پیش کیا۔ میزبان ٹیم کیلئے میچ آسان نہیں تھا لیکن ان کی کھلاڑیوں نے اعصابی دباؤ کو برداشت کیا۔ ایسا بھی وقت آیا جب میچ متوازن تھا لیکن اختتامی لمحات میں ٹیم بہتر کارکردگی نہ دکھا سکی۔ کھلاڑیوں کی تعریف ضرور کرنی ہوگی جنہوں نے مخالف ٹیموں کو کسی بھی میچ میں آسانی فراہم نہیں کی۔ جھولن گوسوامی ایک تجربہ کار بولر ہیں جنہوں نے ٹیم کی ضرورت کے مطابق بولنگ کی۔ میتھالی راج کے مطابق یہ ان کا آخری ورلڈ کپ تھا لیکن وہ آئندہ چند سال تک کھیل سے منسلک رہنا چاہتی ہیں۔ کپتان متھالی راج نے خواتین کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی تلاش، ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی طرز پر خواتین کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کپتان کا یہ بیان ویمنس ورلڈ کپ 2017 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے خلاف 9 رنز کی شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔ متھالی راج کی زیر قیادت ٹیم پورے میچ میں چھائی رہی لیکن میچ کے اختتامی مراحل میں انگلش بولر آنیہ شرب سول نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔انہوں نے میچ کے آخری اوورز میں اپنے تین اوورز کے دوران 11 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کیا۔اپنے ایک بیان میں کپتان متھالی راج نے کہا اگر ہندوستان کے پاس بھی آسٹریلیا کی ویمنس بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ کی سوپر لیگ جیسا کوئی ایونٹ ہوتا تو نتیجہ کچھ اور نکل سکتا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی سی سی آئی کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ ملک میں آئی پی ایل کی طرز پر ٹورنمنٹ منعقد کروائے۔انہو ںنے مزید کہا کہ حالیہ ویمنس ورلڈ کپ میں ٹیم کی بہترین کارکردگی پر خواتین کرکٹ کو بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔انگلینڈ کے خلاف شکست کے حوالے سے کہا کہ تمام کھلاڑی میچ کے دوران بہت زیادہ گھبرائی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے شکست ان کا مقدر بنی۔یاد رہے کہ ونڈے کرکٹ میں یہ دوسرا موقع تھا جب ہندوستان نے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ہندوستان نے اس سے قبل جنوبی افریقہ میں ہوئے ویمنس ورلڈ کپ 2005 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا تھا اور جب بھی ٹیم کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ اس وقت فائنل میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 98 رنز سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے متھالی راج کو ورلڈ ونڈے ٹیم کا کپتان بنایا ہے۔

TOPPOPULARRECENT