Saturday , April 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان میں کامیابی کیلئے سری لنکا کا جادوپر انحصار؟

ہندوستان میں کامیابی کیلئے سری لنکا کا جادوپر انحصار؟

کولمبو۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی ٹسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ فتح کو ’’جادو‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔چندیمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں دو ٹسٹ میچوں کی سیریز سے قبل انہوں نے جادوگر سے خصوصی دعائیں لیں، میں ہر وقت ہر کسی سے دعائیں لینے کیلئے تیار رہتا ہوں چاہے وہ جادوگر ہو یا پادری۔پاکستان سے سیریز کے بعد کولمبو واپسی پر انہوں نے کہا کہ ہم میں صلاحیت ضرور ہو سکتی ہے لیکن دعاؤں کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایک ہفتے قبل سری لنکائی وزیر کھیل نے اس بات سے انکار کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل مشکلات سے دوچار سری لنکائی ٹیم کو جادوکے استعمال کا مشورہ دیا تھا۔سری لنکائی وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے جادوگر کو مقدمے کی دھمکی دی جس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے وزیر کھیل کی دعا پر پاکستانی ٹیم پر جادوکردیا تھا۔یاد رہے کہ سری لنکا میں جادو پر کافی اعتقاد ہے اور وزرا، کاروباری شخصیات اور کھیلوں کے ستارے اہم کام سے قبل جادوگروں اور مذہبی پیشواؤں سے ضرور ملاقات کرتے ہیں۔اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سری لنکائی صدر مہندا راجاپکسے نے دو سال قبل الیکشن کے اعلان سے قبل اپنے نجومی سے مشورہ کیا تھا لیکن انہیں اس میں بدترین شکست ہوئی تھی۔چندیمل نے کہا کہ جادوگر ان کے ایک دوست کی والدہ ہیں اور انہوں نے ان کی دعائیں لینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔تاہم ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ فتح کے بعد ٹیم بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور ونڈے اور ٹوئنٹی20 سیریز میں کلین سوئپ شکستوں سمیت لگاتار آٹھ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکن شائقین نے چندیمل کے مضحکہ خیز دعوے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا جبکہ کچھ لوگوں نے تو ان کے جادوگر کو فراد قرار دیا۔ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ آپ نے پیش قیاسیاں کیں، طلسماتی کام کروائے، پوجا بھی کی لیکن بالآخر ہمیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکا کا اب ہندوستانی دورہ ہے جس پر سوشل میڈیا نے ہند۔سری لنکا سیریز کو بھی جادو سے کامیابی کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT