Monday , July 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان نے ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیت لی

ہندوستان نے ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیت لی

برسٹل ۔9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے انگلش ٹیم کو 7 وکٹ سے شکست دے کر3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ ہندوستان نے 199رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا جبکہ سنچری اسکور کرنے پر روہت شرما مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز اپنے نام کرگئے۔ہندوستان نے انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 199رنز کے ہدف کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جبکہ 62رنز کے اسکور پر اس کے 2 بیٹسمین شکھر دھون 5 اور لوکیش راہول 19رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان کوہلی نے روہت کے ساتھ تیسرے وکٹ پر 89رنز کی شراکت بنائی اور جارحانہ کھیل پیش کرکے ٹیم کو جیت کے راہ پرگامزن کیا ۔ٹیم کا اسکور 151رنز تھا کہ کپتان کوہلی 43رنز بنا کر کرس جارڈن کی وکٹ بن گئے تاہم دوسرے طرف سے روہت شرما نے اپنی دھواں دھار اننگز جاری رکھی اور 56گیندوں پر 5 چھکوں اور11 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی اور آخر تک ناقابل شکست رہے جبکہ ہاردیک پانڈیا نے 14گیندوں پر برق رفتار33 رنز بناکر ٹیم کو سیریز جتوادی ۔ انگلش بولروںکی جانب سے ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن اور جیک بال فی کس ایک وکٹ لے سکے۔اس سے قبل میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلش اوپنرز جیسن روئے اور جوس بٹلرنے ہندوستان کے ٹاس جیت فیلڈینگ کے فیصلے کو غلط ثابت کرنے کی بہترین کوشش کی اور شروع کے 8 اووز میں 94 رنز بناکر ایک بڑے اسکور کی بنیاد قائم کردی۔لیکن ہندوستانی بولروں نے انگلش ٹیم کے خلاف آخری اوورز میں زبردست واپسی کی اور انگلش ٹیم کی پے در پے وکٹیں حاصل کرکے ان پر روک لگا دی۔ ہاردیک پانڈیا نے 4 وکیٹں جبکہ سدھارتھ کول نے 2 وکٹیں لیں۔انگلینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں پر 198رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے جیسن روئے نے سب سے زیادہ 67رنز اسکور کیے انہوں نے 31گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکے اور 4 چوکے لگائے تاہم جوس بٹلر 34رنز، ایلکس ہیلز 30اور جونی بیئراسٹو 25رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ نے جو روٹ کی جگہ آل رائونڈر بین اسٹوکس کو شامل کیا جبکہ ہندوستانی ٹیم میں کلدیپ یادو اور بھونیشور کمار کی جگہ سدھارتھ کول اور دیپک چاہر کو جگہ دی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT