Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان نے پاکستان کو 5-1 گول سے شکست دی

ہندوستان نے پاکستان کو 5-1 گول سے شکست دی

عالمی چمپیئن آسٹریلیا دفاعی چمپیئن نیوزی لینڈ کیخلاف 1-0 سے کامیاب

آئی پو (ملائیشیا ) ۔ 12 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے گزشتہ چھ برسوں کے دوران کٹر حریف پاکستان کے خلاف یہاں سلطان اذلان شاہ کپ کے 25 ویں ایڈیشن کے راؤنڈ رابن مقابلے میں سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے جیسا کہ اس اہم مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو میڈل کی دوڑ میں خود کو باقی رکھنے کیلئے کامیابی ضروری تھی اور ہندوستان نے پاکستان کو 5-1 کی شکست دی ۔ ہندوستان کی پاکستان کے خلاف یہ 2010ء کامن ویلتھ گیمس کے بعد سب سے بڑی کامیابی ہے جیسا کہ دہلی میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان نے پاکستان کو 7-4 سے شکست دی تھی ۔ ٹورنمنٹ میں اپنا سب سے بہترین مقابلہ کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم کے لئے پہلا گول مقابلہ کے آغاز کے چوتھے منٹ پر ہی من پریت سنگھ نے بنایا لیکن ساتویں منٹ میں پاکستانی کپتان محمد عرفان نے گول بناتے ہوئے مقابلے کو 1-1 سے مساوی کردیا تھا ۔ اس کے بعد سردار سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے مقابلے پر اپنی گرفت اور غلبہ مضبوط کرنا شروع کیا اور دسویں منٹ میں کپتان کے گول نے ٹیم کو سبقت دلوائی ۔ علاوہ ازیں 41و یں منٹ میں بھی سردار سنگھ نے گول اسکور کیا ۔ حریف ٹیم پر بنائے جانے والے دباؤ کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے مقابلے کے 50 ویں منٹ میں تلویندر سنگھ نے بھی ہندوستان کی سبقت میں اپنا حصہ ادا کیا جبکہ 54 ویں منٹ میں روپیندر پال سنگھ نے پینالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلوائی ۔ ہندوستان کی کامیابی مزید بڑی ہوسکتی تھی اگرچہ 55 ویں منٹ میں روپیندر پینالٹی اسٹروک کو گول میں تبدیل کرپاتے۔ علاوہ ازیں 69 ویں منٹ میں رمن دیپ سنگھ نے ایک گول بنایا تھا لیکن امپائر نے اسے قبول نہیں کیا۔

پاکستان کے خلاف حاصل ہونے والی شاندار کامیابی کے بعد ہندوستان نے ٹورنمنٹ کے راؤنڈ رابن مرحلے میں ٹیموں کے جدول میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ عالمی چمپیئن آسٹریلیا متواتر چار فتوحات کے ذریعہ 12 نشانات حاصل کئے ہیں اور وہ پہلے مقام پر فائز ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے آج کھیلے گئے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دیتے ہوئے فائنل کی سمت ایک اور قدم بڑھالیا ہے ۔ آسٹریلیا کیلئے پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین ہاکی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے جمی ڈیور نے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ مقابلے کے 22 ویں منٹ میں جمی نے اپنی ٹیم کیلئے جو ابتدائی گول بنایا وہ مقابلے کے اختتام تک نہ صرف برقرار رہا بلکہ یہی گول دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ثابت ہوا ۔ اذلان شاہ ہاکی کپ جوکہ اپنا سلور جوبلی سال منارہا ہے اور اس کے 33 ویں ایڈیشن کیلئے عالمی چمپیئن آسٹریلیا کو پسندیدہ موقف حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں پاکستان کے خلاف دن کے دوسرے مقابلے میں ہندوستان نے جو کامیابی حاصل کی ہے اُس کے بعد برصغیر کی فی الحال سب سے مضبوط ترین ٹیم کو فائنل کے لئے پسندیدہ موقف حاصل ہوا ہے ۔ ہندوستان کے علاوہ گزشتہ ایڈیشن میں خطاب حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ بھی فائنل کیلئے اپنی پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ مقابلے کھیل چکی ہے لیکن اُسے ان مقابلوں سے صرف 8 نشانات حاصل ہوئے ہیں لیکن آج آسٹریلیا کے خلاف ہوئی شکست سے اسے ٹورنمنٹ میں بڑا نقصان برداشت کرنا پڑسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT