Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان و پاکستان کے درمیان 19 مارچ کو دھرم شالہ میں مقابلہ

ہندوستان و پاکستان کے درمیان 19 مارچ کو دھرم شالہ میں مقابلہ

27 روزہ ورلڈ ٹی ۔ 20 سیریز کا اعلان ، ملک کے آٹھ شہروں میں 58 میچس ، دو حریف ایک گروپ میں شامل

ممبئی ۔ 11 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے دو کٹر حریف ہندوستان اور پاکستان آئندہ سال کھیلے جانے والے آئی سی سی کے ٹوئنٹی ۔ 20 کے ایک ہی گروپ میں آگئے ہیں۔ جس کے ساتھ ہی ان دونوں ٹیموں کے درمیان 19 مارچ کو دھرم شالہ میں پہلا انتہائی دلچسپ و سنسنی خیز مقابلہ یقینی ہوگیا ہے ۔ آئی سی سی نے ان مقابلوں کیلئے آج گروپس اور شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق ہندوستان کے آٹھ شہروں میں 8 مارچ تا 3 اپریل مختلف ٹیموں کے مقابلے ہوں گے ۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک ہندوستان و پاکستان نے جاریہ سال کشیدگی کے سبب اس ماہ کے اواخر میں ہونے والی باہمی سیریز کے بارے میں ہنوز فیصلہ نہیں کرسکے ہیں۔ پاکستان سے مقابلے سے قبل ہندوستان 15 مارچ کو ناگپور میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز کریگا ۔ بعد ازاں کوالیفائنگ گروپ اے کی فاتح ٹیم سے ہندوستان کے مقابلے 23 مارچ کو بنگلور اور 27 مارچ کو موہالی میں آسٹریلیا سے ہوں گے ۔ آئی سی سی ٹی ۔ 20 سیریز میں جملہ 58 مقابلے ہوں گے ۔ جن میں مردوں کے 35اور خواتین کے 23 مقابلے ہیں۔ 27 دن کے اس ٹورنمنٹ کے تحت بنگلورو ، چینائی ، دھرم شالہ ، کولکتہ ، موہالی ، ممبئی ، ناگپور اور نئی دہلی میں میچس کھیلیں جائیں گے ۔ 30 اور 31 مارچ کو بالترتیب نئی دہلی اور ممبئی میں سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے اور 3 اپریل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن پر فائنل کھیلا جائے گا ۔یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔ 8سے 13 مارچ کے دوران پہلے مرحلے کیلئے کھیلے جانے والے میچ دھرم شالا اور ناگپور میں کھیلے جائیں گے، جس کیلئے دو گروپس بنائے گئے ہیں۔گروپ اے میں بنگلہ دیش، ہالینڈ، آئرلینڈ اور عمان جبکہ گروپ بی میں زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پہلے مرحلے کے گروپ ونرز 15 سے 28 مارچ کے دوران دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے ساتھ سوپر 10 مرحلے میں مدِ مقابل ہوں گے۔ سوپر 10 مرحلے کیلئے بھی دو گروپس بنائے گئے ہیں۔ گروپ ون میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم جبکہ گروپ ٹو میں ہندوستان ، پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور گروپ اے کی فاتح ٹیم شامل ہو گی۔پاکستان کا پہلا میچ 16 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف ممبئی میں، دوسرا 19 مارچ کو ہندوستان کیخلاف دھرم شالا ، تیسرامیچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کیخلاف موہالی اور چوتھا 25 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف موہالی میں ہی ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق مردوں کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہے۔ آئی سی سی کے چیرمین ششانک منوہر نے ، جنھوں نے ممبئی میں شیڈول کی اجرائی کی تقریب میں شرکت کی ، کہا کہ ’’ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں کرکٹ کو ایک ’مذہب‘ سمجھا جاتا ہے اور ہندوستان میں جیسی مقبولیت ہے کئی ممالک میں ویسی نہیں ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ 1987ء ، 1996ء اور 2011 ء کے کرکٹ ورلڈ کپس کی طرح ان مقابلوںمیں بھی بورڈ آف کرکٹ کنٹرول کی طرف سے بہترین انتظامات کئے جائیں گے‘‘ ۔  بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ شرما نے کہاکہ ’’بحیثیت میزبان ہم کرکٹ دنیا کے ایک انتہائی دلچسپ ٹورنمنٹ کے کامیاب انعقاد و انصرام کی پوری تیاری کرچکے ہیں ۔ ورلڈ کپس کے اہتمام سے حاصل تجربات کی بنیاد پر ہم آئی سی سی ورلڈ ٹی ۔ 20 2016 ء کو ایک یادگار ٹورنمنٹ بنائیں گے ‘‘۔

TOPPOPULARRECENT