Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان پر آج سیریز بچانے کا دباؤ،نیوزی لینڈ کیلئے موقع

ہندوستان پر آج سیریز بچانے کا دباؤ،نیوزی لینڈ کیلئے موقع

l اسپنرس کی ناکامی کوہلی کے لئے تشویش کا باعث
l ولیمسن کے بہتر مظاہرسے مسائل میں مزید اضافہ ممکن

پونے ۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا پہلا میچ گنوانے کے بعد اب ہندستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کل یہاں دوسرے میچ میں کرو یا مرو کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور ٹورنمنٹ میں باقی رہنے کے لئے اسے ہرحال میں میچ جیتنا ہوگا۔مہمان نیوزی لینڈ ٹیم نے ہندستان کو ممبئی میں پہلے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی اور وہ تین میچوں کی سیریز میں1-0 سے آگے ہے ۔ اگرکیوی ٹیم یہاں مہاراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں دوسرا میچ بھی جیت لیتی ہے تو ہندستانی ٹیم0-2 سے سیریز گنوا بیٹھے گی۔ ہندستان نے نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف گھریلو میدان پر4-1 سے پانچ میچوں کی ونڈے سیریز جیتی تھی جو اس کی جون2016 کے بعد سے مسلسل چھٹی ونڈے سیریز کامیابی ہے ۔ اگر میزبان پونے میچ ہار جاتی ہے تو اس کا جیت کا سلسلہ بھی ٹوٹ جائے گا۔ قومی ٹیم کوگزشتہ میچ میں کپتان ویراٹ کوہلی کی بہترین سنچری کے باوجود شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور میچ کے بعد کپتان نے اعتراف کیا تھا کہ بیٹسمینوںکو مزید رنز بنانے کی ضرورت تھی ۔گزشتہ میچ میں روہت شرما اور شکھر دھون کی اوپننگ جوڑی ٹیم کو اچھی شروعات دلانے میں کامیاب نہیں رہی جبکہ کوہلی کے 121 رن کو چھوڑ کر باقی کوئی بیٹسمین بڑا سکور نہیں بنا سکا۔ نیوزی لینڈ کے لیے ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے 200 رنوں کی زبردست شراکت کی اور اپنی ٹیم کو آسان جیت دلا دی۔ ٹام نے اس میچ میں ناٹ آؤٹ103 رنز اور ٹیلر نے95 رنز بنائے جبکہ ہندستانی بولر حریف بیٹسمینوں کو چاہ کر بھی پریشان نہیں کر سکے اور مہمان ٹیم نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ کامیاب رہی اسپن جوڑی کلدیپ یادو اور یجویندر چہل بالترتیب64 اور51 رن دے کر کافی مہنگے ثابت ہوئے جبکہ مہمامان بیٹسمینوں نے ان اسپنروں کو بہترین طریقے سے سمجھا اور شاندار شاٹس لگائے اور اس کا نتیجہ یہ رہا ہے کہ دونوں اسپنرس ملکر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے ۔ انڈین پریمیئر لیگ کے کامیاب کھلاڑیوں میں سے ایک ٹیلر نے 100 گیندوں میں صرف آٹھ چوکے لگائے اور95 رنز بنائے جبکہ گزشتہ دورے میں بھی کامیاب رہے ٹام نے اس مرتبہ بھی خود کو اسپن کے لئے مددگار پچوں پر ثابت کرتے ہوئے اپنی چوتھی ونڈے سنچری بنائی۔ ان دونوں سے دوسرے اہم میچ میں بھی اسی کارکردگی کی ٹیم انتظامیہ امید کررہا ہے جبکہ ہندوستانی بولروں کے لیے یہ نشانے پر رہیں گے ۔دوسری طرف ہندوستانی بیٹسنیوںکی کارکردگی سے گزشتہ میچ میں مایوس رہے کوہلی کے اشارہ کو اگر ٹیم سمجھ گئی ہو گی تو یقیناً اس کے بیٹسمینس بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT