Thursday , November 23 2017
Home / دنیا / ہندوستان پر پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام

ہندوستان پر پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام

اقوام متحدہ کے نئے سکریٹری جنرل کو ملیحہ لودھی اسلام آباد کی یادداشت
اقوام متحدہ ۔ /7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے اس ملک میں ہندوستان کی مبینہ مداخلت کے مسئلہ پر اقوام متحدہ کے نئے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کو ایک تفصیلی یادداشت پیش کی اور ہندوستان کو اس قسم کی سرگرمیوں سے باز رکھنے کیلئے اس عالمی ادارہ سے اپنا رول ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی ، ’’ پاکستان میں ہندوستان کی مداخلت اور دہشت گردی ‘‘ پر ایک جامع یادداشت کو اقوام متحدہ کے سربراہ سے گزشتہ روز ملاقات کے موقع پر حوالہ کیا جس کے ساتھ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا ایک مکتوب بھی منسلک تھا ۔ گوٹریس کے ترجمان اسٹیفان دوجارچ نے کہا کہ پاکستانی مندوب کی درخواست پر یہ ملاقات ہوئی تھی ۔ اجلاس میں کئے گئے تبادلہ خیال کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ اجلاس میں کی گئی بات چیت کا انہیں کوئی علم نہیں ہے ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں کہا کہ ’’اس یادداشت میں پاکستان میں راء اور ہندوستانی مداخلت ، بالخصوص کراچی ، فاٹا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بارے میں اضافی معلومات اور ثبوت ہیں ۔ یہ اکٹوبر 2015 ء کے دوران پیش کردہ تین یادداشتوں کے بعد کی گئی کارروائی کا حصہ ہے‘‘ ۔ یادداشت کے ساتھ پیش کردہ مکتوب میں سرتاج عزیز نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں ہندوستانی ادارہ ’راء‘ کے ایجنٹ کلبھوشن جادھو کی گرفتاری اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور دہشت گرد عناصر کی تائید و مدد کرنے سے متعلق اس کے اقبالی بیان سے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی توثیق ہوجاتی ہے کہ ہندوستان اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اقوام متحدہ کے منشور ، دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دہشت گردی پر بین الاقوامی سمجھوتوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ پاکستان نے جادھو پر پاکستان میں تخریب کار سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ہندوستان نے توثیق کی ہے کہ جادھو ماضی کے دور ان بحریہ میں خدمت انجام دے چکا ہے لیکن فی الحال حکومت سے اس کے کسی رابطہ کی تردید کی ہے ۔ سرتاج عزیز کے حوالہ سے اس مکتوب میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ہندوستانی سیاسی و فوجی قیادت کے حالیہ بیانات سے بھی پاکستان کے تیئں اس (ہندوستان) کے دشمن پر مبنی ارادوں کا پتہ چلتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT