ہندوستان پر کشمیر میں بڑے پیمانہ پر کارروائیوں کاالزام

اقوام متحدہ مشن کو رسائی کی اجازت دینے شاہد عباسی کا مطالبہ
اسلام آباد ۔2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیر میں گزشتہ روز بڑے پیمانے پر کی گئی انسداد تخریب کاری کارروائیوں میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد ہندوستان پر کشمیر میں ’’بہیمانہ ‘‘انداز میں مہم چلانے کاالزام عائد کیا۔ جموں و کشمیر کے اضلاع اننت ناگ اور شوپیان میں انسداد تخریب کاری کی تین مختلف کارروائیوں میں انڈین سکیوٹی فورسیس کی جانب سے 13 دہشت گردوں کو گولی مارکر ہلاک کئے جانے کے بعد شاہد عباسی کا یہ بیان کل رات دیر گئے منظرعام پر آیا ۔ ان کارروائیوں میں 13 دہشت گردوں کے علاوہ چار شہری اور تین فوجی سپاہی بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ عباس نے کہاکہ ’’بہیمانہ کارروائیوں میں ان شہریوں پر بلٹ گنس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جو ان افسوسناک ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے ‘‘ ۔ عباس نے بین الاقوامی برادری سے درخواست کی کہ اقوام متحدہ کے حقائق کا پتہ چلانے والے مشن کو کشمیر تک رسائی کی اجازت دینے کیلئے ہندوستان سے کہا جائے ۔ ہندوستانی سکیورٹی فورسیس کی طرف سے گزشتہ روز کی گئی کارروائیوں پر حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ جیسے دہشت گرد گروپوں کو شدید دھکہ لگا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT