Monday , June 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آئندہ ماہ دورۂ بنگلہ دیش

ہندوستان کا آئندہ ماہ دورۂ بنگلہ دیش

ممبئی ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آئندہ ماہ ہندوستان کے دورہ بنگلہ دیش کو قطعیت دے دی ہے اور اس طرح دورہ انگلینڈ کے دو ماہ طویل سفر سے قبل ہندوستان بنگلہ دیش کے خلاف مختصر سیریز کھیلے گی۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پٹیل نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو پریکٹس کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ فی الحال ہمارے کھلاڑی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد آئی پی ایل ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے ہیں جبکہ انگلینڈ کا تقریباً ڈھائی ماہ کا دورہ ان کیلئے ایک طویل سفر ہوگا لہٰذا بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستانی ٹیم تین ونڈے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ برصغیر کی وکٹیں کس طرح انگلینڈ کی اچھال لیتی وکٹوں کی برابری کرے گی اس استفسار کا جواب دیتے ہوئے پٹیل نے کہا کہ بنگلہ دیش کی سیریز کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو آزمانا ہے لیکن انہوں نے مستقل کھلاڑیوں کو آرام دینے کے نظریہ پر لب کشائی سے گریز کیا۔ میڈیا نمائندوں نے جب سوال کیا کہ کیا مہیندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی کو دورہ زمبابوے کیلئے آرام دیا جائے گا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ہم نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں اس سے بڑھ کر میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ واضح رہے بنگلہ دیش میں منعقدہ حالیہ ورلڈ کپ میں مہیندر سنگھ دھونی نے شرکت سے گریز کیا تھا کیونکہ ہندوستانی ٹیم نے اس سے قبل جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کا یکے بعد دیگرے دورہ کیا تھا۔ 1959ء کے بعد ہندوستان پہلی مرتبہ دورہ انگلینڈ پر 5 ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT