Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج سری لنکا سے مقابلہ‘سیمی فائنل پر نظریں

ہندوستان کا آج سری لنکا سے مقابلہ‘سیمی فائنل پر نظریں

لندن ۔7 جون (سیاست ڈاٹ کام ) جارحانہ کپتان ویراٹ کوہلی کی ٹیم پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے سری لنکا کے خلاف کل یہاں کامیابی کی خواہاں ہے ۔ دفاعی چمپئن ہندوستان نے اپنے گروپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو 124 رنوں سے شکست دی تھی ۔ اس کا مقابلہ اب سری لنکا کے ساتھ ہے جسے اپنے پہلے میچ میں اوول میں ہی جنوبی افریقہ کے خلاف 96  رنوں سے شکست کھانی پڑی تھی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 150 واںونڈے ہوگا۔ ونڈے سیریز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب دو ٹیمیں اپنے اپنے 150 میچ پورے کریں گی۔ اس لحاظ سے اس مقابلے کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔ہندوستانی ٹیم  نے پاکستان کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ہندستان نے بارش کے باوجود میچ میں تین وکٹ پر319  رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد پاکستان کو محض33.4 اوور میں164 رن پر ہی آل آؤٹ کردیا تھا۔ ہندستان نے ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت یہ میچ 124 رنوں سے جیتا۔ہندوستان کو اس گروپ میں ایک اور فتح سیدھا سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔ کپتان کوہلی کی یہی کوشش رہے گی کہ سیمی فائنل کو دوسرے میچ میں ہی نمٹادیا جائے تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف11 جون کو آخری گروپ میچ میں کسی طرح کی کوئی دباؤ نہ رہے ۔ پاکستان کے خلاف  روہت شرما (91) اور شکھر دھون (68) نے پہلی وکٹ کے لئے 136 رنوں کی شراکت داری کی تھی جبکہ کوہلی  نے ناٹ آؤٹ81  اور یوراج سنگھ نے53  رنز بنائے تھے ۔دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کے 299 رنوں کے جواب میں 203 رنوں پر ہی سمٹ گئی تھی۔

سری لنکا کے کارگزار کپتان اپل ترنگا نے سب سے زیادہ 57 رن بنائے تھے لیکن وہ سست اوورریٹ کی وجہ دو میچوں کیلئے معطل ہوگئے ۔ وہ اب ہندستان کے خلاف نہیں کھیل پائیں گے جس کا یقینی طور پر سری لنکا کی بیٹنگ پر اثر پڑے گا سری لنکا کے لئے سب سے بڑی راحت یہ ہے کہ ٹیم کے باقاعدہ کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز ابھی فٹ ہیں اور ان کا ہندستان کے خلاف میچ میں کھیلنے کا امکان ہے ۔ میتھیوز پہلے میچ میں نہیں کھیل پائے تھے ۔ سری لنکا کو ہندوستانی ٹیم  کے فاسٹ بولروں کا سامنا کرنے کے لیے اپنے ٹاپ آرڈر میں استحکام لانا ہوگا۔بھونیشور کمار، امیش یادو اور ہاردک پانڈیا  نے پاکستان کو بری طرح ہلادیا تھا۔ حالانکہ جسپریت بمراہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر پائے تھے ۔بمراہ کے آئیڈیل لستھ ملنگا سری لنکا کی ٹیم میں موجود ہیں اور وہ آئی پی ایل 10 کا خطاب جیتنے والی ممبئی انڈینس میں بھی شامل تھے ۔ ملنگا سری لنکا کے سب سے تجربہ کار بولر ہیں لیکن انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی وکٹ نہیں ملی تھی ۔ٹیم انڈیا کی بیٹنگ کو روکنے کے لئے ملنگا، سرنگا لکمل اور نوان پردیپ کوخاص مظاہرہ کرناہوگا۔ میتھیوز کے آنے سے سری لنکا کی بولنگ میں بہتری آسکتی ہے ۔   اسپنر رویندر جڈیجہ نے پاکستان کے خلاف دو وکٹ لینے کے علاوہ بہترین رن آؤٹ بھی کیا تھا۔پہلے میچ میں باہر رہے اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون اس میچ میں کھیل پائیں گے ۔ہندستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 149 میچ کھیلے گئے ہیں جس میں ہندوستان نے 83  جیتے ، 54 ہارے ، ایک ڈرا رہا ہے اور گیارہ میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 150 واں میچ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT