Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج سری لنکا سے پہلا ونڈے

ہندوستان کا آج سری لنکا سے پہلا ونڈے

 

دھونی اور پانڈے پر نظریں‘مقابلے کا آغاز2:30 بجے ہوگا

دمبولا۔19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم اپنی بہترین فارم میں کھیل رہی ہے اور ٹسٹ سیریز میں تاریخی کامیابی کے بعد وہ کل شروع ہونے والی ونڈے سیریز میں بھی سری لنکا کو اسی فارم کے ساتھ شکست دینے کے ارادے سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ہندوستان اور میزبان سری لنکا کے لئے اگرچہ ونڈے سیریز کئی معنوں میں اہم تصور کی جارہی ہے جہاں ہندوستانی کپتان پرحریف ٹیم پرکم از کم 4-1 کی بڑی کامیابی درج کرنے کا دباؤ ہے تاکہ وہ ونڈے درجہ بندی میں اپنے نمبر تین مقام کو محفوظ کرسکے ۔ دوسری طرف نئے کپتان اپل تھرنگا پر اپنی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں کم از کم دو ونڈے میں کامیاب کرنے کے خواہاں ہوںگے تاکہ وہ انگلینڈ میں2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کوراست رسائی دلاسکیں۔ دونوں ہی ٹیموں کے پاس ونڈے سیریز میں بہتر کارکردگی کا اہم مقصد ہے ۔موجودہ فام دیکھا جائے تو سری لنکا کی ٹیم ہندوستان سے کافی پیچھے نظر آرہی ہے ۔ حال ہی میں تین میچوں کی ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے والی سری لنکا کی ٹیم کو آخری دو میچوں میں اننگز سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہیں ہندوستانی ٹیم کے پاس دنیا کا نمبر ایک ونڈے بیٹسمین کوہلی موجود ہیں تو باقی کھلاڑی بھی اچھی فارم میں ہیں۔ سابق کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی بھی ٹیم میں واپسی ہو رہی ہے جن پر اس وقت خود کو ثابت کرنے کا دباؤ ہے ۔ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی دھونی نے آخری مرتبہ شاندار مظاہرہ سری لنکا کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میں کیا تھا جہاں انہوں نے 52 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکے کے ساتھ63 رنز کی شاندار نصف سنچری بنائی تھی لیکن اس میچ میں321 رنز کا زبردست اسکور بنانے کے باوجود ہندوستانی ٹیم کو سات وکٹ سے اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس کے بعد36 سالہ دھونی ویسٹ انڈیز کے دورے میں بھی ٹیم کا حصہ تھے جہاں ان کی کارکردگی تسلی بخش تھی۔ دھونی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور چوتھے ونڈے میں ناٹ آؤٹ 78 اور 54 رنز کی اننگز کھیلی تھیں لیکن اس کے علاوہ وہ باقی میچوں میں خاص اسکور نہیں کر سکے تھے لیکن اس مرتبہ ونڈے سیریز میں بہتر کارکردگی کا دباؤ ہوگا۔سری لنکا کے خلاف ہندوستانی ونڈے ٹیم میں کئی تبدیلی کی گئی ہے اور ٹسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی والے کھلاڑیوں میں آف اسپنر روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، امیش یادو اور محمد سمیع کو آرام دیا گیا ہے ۔ دھونی کے علاوہ جو کھلاڑی اس ونڈے سیریز کا حصہ بنے ہیں ان میں شردول ٹھاکر، منیش پانڈے ، یوزیندر چہل، اکشر پٹیل اور لوکیش راہول شامل ہیں۔پانڈے چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کا حصہ تھے لیکن آئی پی ایل کے دوران زخم کی وجہ سے انہیں باہر ہونا پڑا تھا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ میں اے ٹیموں کے ٹورنمنٹ میں واپسی کے دوران میں ہندوستان اے کی قیادت کرتے ہوئے307 رنز بنائے ۔ مہاراشٹر کے 25 سالہ فاسٹ بولر شردول پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بنیں گے ۔ انہوں نے ابھی تک 49 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جس میں 169 وکٹیں بھی شامل ہیں۔اسپن کے شعبے میں چہل ، کلدیپ یادو اور اکشرموجود ہیں ۔ماہر یارکر جسپریت بمراہ اور مڈل آرڈر بیٹسمین کیدار جدھو کی کارکردگی پر بھی مداحوں کی نگاہیں رہیں گی۔ ٹسٹ سیریز میں متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل ہونے کے بعد اپنے انتخاب کو درست ثابت کرنے والے شکھر دھون کو ونڈے میں بھی شاندار فام کو جاریرکھنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT