Monday , November 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج پاکستان سے مقابلہ

ہندوستان کا آج پاکستان سے مقابلہ

گیانا۔10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ویمنس کرکٹ ورلڈ کپ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں دھماکہ خیز آغاز کے بعد ہندستانی ٹیم روایتی حریف پاکستان کے خلاف اتوارکو ہونے والے اپنے دوسرے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ہندستانی ٹیم نے گروپ بی میچ میں اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے جبکہ پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ہندستانی ٹیم اگر پاکستان کو شکست دیتی ہے تو2010 کے بعد پہلی مرتبہ اس کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن ہو جائیں گے ۔ ہندستان کو پاکستان کے بعد آئر لینڈ اور آسٹریلیا سے کھیلنا ہے ۔ ورلڈ کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں ہندستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کپتان ہرمن پریت کور(103) کی دھماکہ خیز سنچری اورا سپن بولروں کی لاجواب کارکردگی سے نیوزی لینڈ کو34 رنز سے شکست دی۔ ہندستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر194 رن کا مضبوط اسکور بنانے کے بعد نیوزی لینڈ کو نو وکٹ پر160 رن پر روک دیا۔ دوسری طرف پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا نے پانچ وکٹ پر 165 رن بنانے کے بعد پاکستان کو آٹھ وکٹ پر 113 رن پر روک دیا۔ پاکستان کو اگر ٹورنمنٹ میں باقی رہنا ہے تو اسے ہندستان کے خلاف کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT