Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج پریسڈنٹ الیون کے خلاف مقابلہ

ہندوستان کا آج پریسڈنٹ الیون کے خلاف مقابلہ

دوروزہ ٹور میچ میں روہت اور راہول پر توجہ

کولمبو۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کوچ سلیکشن ڈرامے کے بعد سری لنکا پہنچی ہندستانی کرکٹ ٹیم تین ٹسٹ میچوں کی سیریز سے پہلے اپنی تیاریوں کے لئے کل کو پریسڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ کھیلنے اترے گی جہاں چوٹ کے بعد واپسی کر رہے لوکیش راہول اور روہت شرما پر نگاہیں رہیں گی۔ہندستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ گالے میں 26 جولائی کو شروع ہونا ہے ۔ستمبر تک چلنے والے اس طویل دورے کا آغاز ٹسٹ سیریز سے ہونے جا رہا ہے جہاں ویراٹ کوہلی کی ٹیم اپنی گزشتہ کارکردگی کو دہرانے کے لئے بے قرار ہے ۔یہ دورہ کوچ روی شاستری اور کپتان کوہلی کیلئے بھی اہم ہوگا جن پر اچھے نتائج کا دباؤ رہے گا۔ٹیم انڈیا اور سری لنکا الیون سیریز سے پہلے تیاریوں کیلئے اپنے دو روزہ پریکٹس میچ میں اپنی غلطیاں سدھارنے پر توجہ دیں گے تو ہندستانی انتظامیہ کے لئے فٹ ہوکر واپسی کر رہے راہول اور ٹسٹ ٹیم سے کافی وقت سے باہر چل رہے روہت کا مظاہرہ سب سے اہم ہو گا ۔ روہت انگلینڈ، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف گھریلو ٹسٹ سیریز میں چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیلے تھے ۔اگرچہ روہت نے سرجری کے بعد اپنے کھیل میں بہت سدھار دکھایا ہے اور اس سال آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کو اپنی کپتانی میں خطاب دلایا تھا۔اس کے علاوہ چمپئنز ٹرافی میں بھی انہوں نے کافی رنز بنائے تھے ۔سلیکٹرز نے روہت کو فٹنس کے پیش نظر انہیں ویسٹ انڈیز کے دورے میں آرام دیا تھا تاکہ وہ سری لنکا کے دورے کے لئے تیار ہو سکیں۔ایسے میں اوپنر پر سلیکٹرز کی نگاہیں ہوں گی۔دوسری طرف راہول بھی کندھے کی سرجری کے بعد واپسی کر رہے ہیں۔وہ انفٹ ہونے کی وجہ سے ہی آئی پی ایل، چمپئنز ٹرافی اور ویسٹ انڈیز میں بھی نہیں کھیلے تھے ۔پریکٹس میچ دونوں بیٹسمینوں کے لئے سیریز سے پہلے اہم ہوگا۔ہندوستانی ٹیم کے سری لنکا روانہ ہونے سے پہلے کوچ اور کپتان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم کی اب مکمل توجہ صرف سیریز پر ہے ۔ٹیم کے ڈائریکٹر رہ چکے شاستری کے لئے بھی یہ مکمل سیریز کا پہلا بڑا چیلنج ہے اور وہ آخری الیون میں اپنے مضبوط کھلاڑیوں کو اتارنے کی کوشش کریں گے ۔پریکٹس میچ میں ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی اپنی تیاریوں کے لیے حصہ لے سکتے ہیں۔ٹیم کے پاس بیٹسمینوں میں کوہلی، اجنکیا رہانے ، راہول، روہت اور زخمی مرلی وجے کی جگہ لینے والے شکھر دھون جیسے مضبوط بیٹسمینں ہیں تو بولنگ میں ایشانت شرما، محمد سمیع، بھونیشور کمار، امیش یادو فاسٹ بولنگ میں قیادت سنبھالے ہوئے ہیں جبکہ اسپنروں میں رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون اور چائنامین بولر کلدیپ یادو پر نگاہیں رہیں گی۔اس کے علاوہ آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا بھی ٹیم میں موجود ہیں۔وہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ٹسٹ نہیں کھیلے تھے ۔یاد رہے ویراٹ کوہلی بحیثیت ہندوستانی کپتان اپنے کیریئر کا آغاز سری لنکا کے خلاف کیا تھا اور اس مرتبہ بھی وہ ماضی کے بہترین مظاہروں کو دہراتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے خواہاں ہوں گے کیوں کہ سری لنکائی ٹیم ان دنوں ناقص فارم سے گزر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT