Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا افتتاحی میچ میں آسٹریلیا سے مقابلہ

ہندوستان کا افتتاحی میچ میں آسٹریلیا سے مقابلہ

خطاب کی دوڑ میں شامل 16 ٹیمیں 4 گروپس میں منقسم
انڈر 19 ورلڈکپ 2018 کے شیڈول کا اعلان
دبئی ۔17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ برس ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کا آغاز 13 جنوری 2018 کو ہوگا اور ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں 3 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ہندوستان کا آسٹریلیا کا سامنا ہوگا۔ہندوستان اور آسٹریلیائی ٹیمیں جہاں ایک ہی گروپ میں ہیں وہیں اس گروپ بی میں زمبابوے دوسری اہم ٹیم ہے۔آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 22 ایام پر مشتمل اس ایونٹ میں آغاز سے قبل ایونٹ میں شریک ٹیموں کے وارم اپ میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ایونٹ میں جملہ 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے افتتاحی دن 4 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ اسی دن پاکستان بھی ایونٹ میں افغانستان انڈر 19 کے خلاف پہلا میچ کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گا۔گروپ اے میں میزبان نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے ساتھ جنوبی افریقہ اور کینیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں ہندوستان، آسٹریلیا، زمبابوے اور پپوا نیو گنی کا مقابلہ ہوگا۔

دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم پاکستان کے ساتھ افغانستان، آئرلینڈ اور سری لنکا گروپ سی میں موجود ہیں جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نمیبیا، کینیڈا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ہر گروپ کی تمام ہی ٹیمیں کواٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی اور ان ٹیمیوں کو پلیٹ کیٹیگری اور سوپر لیگ کیٹیگری کے کوارٹر فائنل مراحل اور پھر ان ہی کیٹیگری کے فائنل کھیلنے ہوں گے۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں فائنل میچ سے قبل درجہ بندی کے لیے بھی میچز منعقد کیے جائیں گے۔اب تک 11 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ٹورنامنٹ منعقد کیا جاچکا ہے جس میں آسٹریلیا اور ہندوستان 3، 3 مرتبہ خطابات اپنے نام کر کے سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان بھی اس ایونٹ کو 2 مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ 2004 کے ایونٹ میں خالد لطیف کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو 25 رنز سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا جبکہ دوسری مرتبہ پاکستان نے سرفراز احمد کی کپتانی میں ’انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے تاریخی فائنل‘ میں انور علی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ہندوستان کو 71 رنز پر ڈھیر کرکے 38 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان اور ہندوستان 5 مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے ایک مرتبہ کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا تھا۔کوارٹرفائنلس‘سیمی فائنلس اور فائنلس کے ہمراہ دیگر 20 مقابلوں کو راست نشر کیا جائے گا۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنلس 29 اور 30 جنوری کو کھیلیں جائیں گے جبکہ فائنل مقابلہ 3 فروری کو ہوگا۔کوالیفائر ایونٹ کے ذریعہ ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے اسے ایک بہتر طریقہ کار قراردیا ہے۔افغانستان کے کپتان نوید الحق نے کہا کہ تمام ٹیموں کا جو مقصد ہوتا ہے وہی ہماری ٹیم کا بھی مقصد ہے یعنی افغان ٹیم ورلڈ کپ فاتح بننا چاہتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT