Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا آج سابق چمپئن گھانا سے مقابلہ

ہندوستان کا آج سابق چمپئن گھانا سے مقابلہ

نئی دہلی۔11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کے گروپ اے میں ہندوستانی ٹیم کل یہاں اپنا آخری مقابلہ سابق چمپئن گھانا کے خلاف کھیلے گی۔ ہندوستان میں رواں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کو بحیثیت میزبان شرکت کا موقع ملا اور اکثریت کا یہ خیال تھا کہ قومی ٹیم شاید ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ نہیں کر پائے گی جیسا کہ اسے اپنے افتتاحی مقابلہ میں امریکہ کے خلاف 0-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن گزشتہ مقابلہ میں اس نے کولمبیا کے خلاف جو مظاہرہ کیا اس سے ہر گوشے سے داد و تحسین دی جارہی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ لوئس نارٹن ڈی مارٹوز نے کھلاڑیوں میں دفاعی کھیل کو جارحانہ کھیل میں تبدیل کیا ہے۔ کولمبیا کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ کے ضمن میں کوچ نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ حالانکہ اس مقابلہ میں مہمان ٹیم کا مقابلہ میں غلبہ رہا لیکن ہندوستانی ٹیم نے بھی گول بناتے ہوئے دنیا کو بتادیا کہ وہ بھی بڑی ٹیموں کے خلاف بہتر مظاہرہ کرسکتی ہے۔ دریں اثناء گھانا کے خلاف کل کھیلا جانے والا مقابلہ ذہنی اور جسمانی اعتبار سے آسان نہیں ہوگا کیوں کہ دو مرتبہ کی سابق چمپئن گھانا اس مقابلہ میں کامیابی کے لیے پسندیدہ موقف میں ہے اور ہندوستانی ٹیم جواہرلال نہرو اسٹیڈیم میں شاید ٹورنمنٹ کا آخری مقابلہ کھیلے گی کیوں کہ ناک آئوٹ مرحلہ میں پہلے ہی امریکہ نے رسائی حاصل کرلی ہے اور دوسرے مقام کے لیے کولمبیا اور گھانا کے درمیان مسابقتی دوڑ ہے کیوں کہ دونوں ہی ٹیموں کے نشانات 3 ہیں۔

TOPPOPULARRECENT