Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا جرمنی اور ہالینڈ سے مقابلہ

ہندوستان کا جرمنی اور ہالینڈ سے مقابلہ

٭ ریواولمپکس کیلئے قومی ہاکی ٹیم پول بی میں
٭  آئرلینڈ اور کینیڈا کے خلاف کامیابی کے
ذریعہ سردار سنگھ کی ٹیم کو کوارٹر فائنل کا موقع
لوسین ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم جس نے آٹھ مرتبہ چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے، وہ خطاب حاصل کرنے والی ٹیم جرمنی اور عالمی نمبر دو نیدرلینڈ کے خلاف ریو اولمپکس 2016ء میں مقابلہ کرے گی جیسا کہ مذکورہ ٹیموں کو پول بی میں رکھا گیا ہے۔ جرمنی اور نیدرلینڈس کے علاوہ سردار سنگھ کی ٹیم کو عالمی درجہ بندہ میں چھٹے مقام پر فائز ارجنٹینا، 12 ویں مقام پر فائز آئرلینڈ اور چودھویں مقام پر فائز کینیڈا کے خلاف بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ دوسری جانب پول اے میں عالمی اور ہاکی ورلڈ لیگ کی چمپیئن ٹیم آسٹریلیا جو کہ اس وقت دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہے، اس کے ہمراہ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز برطانیہ، 2015ء ہاکی ورلڈ لیگ کی رنراپ ٹیم بلجیم، عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز نیوزی لینڈ، گیارہویں بہترین ٹیم اسپین کے علاوہ میزبان اور عالمی درجہ بندی میں 32 ویں مقام پر فائز برازیل شامل ہیں۔ ریو اولمپکس میں ہاکی کا یہ ٹورنمنٹ نئے قواعد کے مطابق کھیلا جائے گا جو کہ ناک کوارٹر فائنل راونڈ کہلائے گا اور اس کا فائدہ ہندوستان کو اس لئے بھی ہوسکتا ہے کہ اگر وہ خود سے کم درجہ پر فائز ٹیموں آئرلینڈ اور کینیڈا کو شکست دے تو وہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ مرد زمرہ کی ہاکی ٹیم کے برعکس ہندوستانی وومنس ٹیم کیلئے حالات مشکل ہیں کیونکہ اولمپکس میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں میں اس کا درجہ سب سے کم ہے۔ ہندوستانی خاتون ٹیم کے ساتھ اس گروپ میں عالمی نمبر دو ارجنٹینا، عالمی نمبر 3 آسٹریلیا، عالمی نمبر 6 برطانیہ، عالمی نمبر 7 امریکہ اور عالمی نمبر 10 جاپان موجود ہے۔ دوسری جانب پول اے میں اولمپک کی دفاعی چمپیئن اور عالمی چمپیئن نیدرلینڈ، 2015ء ہاکی ورلڈ لیگ کی رنراپ اور عالمی نمبر 4 نیوزی لینڈ، درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز چین، آٹھویں مقام پر فائز جرمنی، نویں مقام پر فائز کوریا اور چودھویں مقام پر فائز اسپین شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی مرد اور عورتوں کی ہاکی ٹیم نے اس ایونٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ کو مسترد کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT