Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا جنوری میں دورۂ جنوبی آفریقہ

ہندوستان کا جنوری میں دورۂ جنوبی آفریقہ

جوہانسبرگ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نئے سال 2018ء کا آغاز دورۂ جنوبی آفریقہ سے کرے گی اور عین ممکن ہے کہ 5 یا 6 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب بی سی سی آئی اور کرکٹ ساؤتھ آفریقہ (سی ایس اے) آئندہ چند دنوں میں مقابلوں کی تواریخ طئے کریں گے، حالانکہ رواں برس کے آغاز سے ہی مذکورہ دونوں بورڈس کے حکام اس سیریز کے متعلق تبادلہ خیال کررہے ہیں لیکن قطعی تواریخ کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ آئی سی سی کے فیوچر ٹورس پروگرام کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹسٹ، 3 ونڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 مقابلے منعقد شدنی ہیں۔ بی سی سی آئی نے ابتداء میں یہ واضح کردیا تھا کہ ہندوستانی ٹیم رواں برس کے آخری ہفتہ تک جنوبی آفریقہ نہیں پہنچے گی کیونکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اس کی میزبانی 24 ڈسمبر کو ختم ہوگی جس کے بعد بورڈ چاہتا ہے کہ کھلاڑیوں کو کچھ آرام کا موقع ملے۔ روایتی طور پر نئے سال کا آغاز 2 جنوری کو کھیلے جانے والے ٹسٹ مقابلہ سے ہوتا ہے لیکن سی ایس اے چاہتا ہے کہ پہلا ٹسٹ کم از کم 4 جنوری کو شروع ہو۔ دونوں بورڈس کے درمیان تبادلہ خیال میں موجود رہنے والے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے متعلق اُمید کی جارہی ہے کہ وہ ڈسمبر کے آخری ایام میں جنوبی آفریقہ پہنچے گی اور کم از کم ایک ٹور میچ کے بعد پہلے ٹسٹ کا آغاز ہوگا۔ دوسری جانب سی ایس اے کو بی سی سی آئی سے اس وقت مسئلہ ہورہا ہے جب اسے آسٹریلیا کی سیریز کو یکم مارچ کو شروع کرنا ہے تو وہ چاہتا ہے کہ ہندوستان سے سیریز جلد شروع ہو۔

TOPPOPULARRECENT