Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ

ہندوستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ

ڈربی۔16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں داخل ہو گئی۔ میتھالی راج کی سنچری کی بدولت 266 کا ہدف دیااورکیویز کو 79 پر ڈھیر کر دیا۔آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 59رنز سے زیر کرلیا، انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کیخلاف 92 رنز سے فتح ممکن ہوئی۔ کاؤنٹی گراؤنڈ میں کیویز نے ٹاس جیت کر ہندوستانی ٹیم کو بیٹنگ کیلئے طلب کیا تو کپتان میتھالی راج نے گیارہ چوکوں سمیت 109 رنز بنا ئے جبکہ ویدا کرشنا مورتھی 70 اور ہرمن پریت کور 60 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا اسکور سات وکٹوں پر 265 رنز تک لے گئیں۔ لیہہ کاسپیریک نے تین اور ہناہ روو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ بیٹنگ لائن ایمی سیٹرتھویٹ کے 26 رنز کے ساتھ محض 79 پر ڈھیر ہو گئی۔ راجیشوری گائیکواڈ نے پانچ اور دیپتی شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ برسٹل میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو بیٹنگ کیلئے طلب کیا تو ٹیمی بیومونٹ نے 42 اور کپتان ہیتھر نائٹ نے پانچ چوکوں سمیت 67رنز بنائے جبکہ لارا مارش نے ناقابل شکست 31اور جینی گن نے 24رنز بنا کر مجموعہ سات وکٹوں پر 220 تک پہنچایا۔ ایفی فلیچر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم ہیلی میتھیوز کے 29 اور چیڈین نیشن کے 23 رنز کی بدولت نو وکٹوں پر 128 رنز تک محدود رہی۔ نٹالی اسکیور نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ٹانٹن میں آسٹریلیا نے نکول بولٹن79 اور بیتھ مونی 53 کے سہارے 114 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی جبکہ بعد میں پلیئر آف دی میچ الیزے پیری نے 55 اور الیس بلیکویل نے 33 رنز بنا کر مجموعی اسکور 269 تک پہنچا دیا جس نے سنے لس کی پانچ وکٹوں کو بھی دھندلا دیا۔ افریقی ٹیم لارا وولوارٹ کے 79 اور ٹریشا چیٹی کے 37 رنز کے باوجود 210 رنز بنا سکی۔ جیس جوناسن،الیزے پیری اور راکیل ہینز نے دو ،دو وکٹیں حاصل کر کے فتح یقینی بنائی۔ان مقابلوں کے بعد ورلڈ کپ سیمی فائنل صف بندی مکمل ہوگئی ہے۔ 18 جولائی کو پہلے سیمی فائنل میں میزبان انگلش ٹیم جنوبی افریقہ اور20 جولائی کو دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کی حریف آسٹریلیا ہوگی۔

یہ ایک نئی شروعات : متھالی
ڈربی۔16جولائی(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کیخلاف بے حد اہم میچ میں شاندار سنچری بناکر ہندستان کو خواتین ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچانے والی کپتان متھالی راج نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نئی ٹیم کی طرح نظر آرہی ہے جس کے بدلے ہوئے تیور کیساتھ واپسی کرنے کی صلاحیت ہے ۔متھالی نے کہاکہ ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف جو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،قابل تعریف ہے ۔یہ ایک نئی ٹیم کی طرح نظر آرہی ہے ۔یہ ایک ایسی فتح تھی جس نے ہمارے اعتماد میں خاصا اضافہ کیا ہے ۔ٹیم کی کھلاڑیوں نے اس میچ کی اہمیت کو سمجھا اور کرو یا مرو کے اس مقابلے میں اپنا سب کچھ جھونک دیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT