Saturday , December 16 2017
Home / دنیا / ہندوستان کثرت میں وحدت سے رنگارنگ : مودی

ہندوستان کثرت میں وحدت سے رنگارنگ : مودی

ہم نے مودی کیساتھ بات چیت میں کوئی مسئلہ نہیں چھوڑا ، کیمرون کا بیان
لندن ، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے عدم رواداری کے مسئلے پر وطن میں تنقیدوں کے پیش نظر آج کہا کہ ہندوستان کا تنوع اس ملک کی طاقت اور اس کا وقار ہے اور پُرامن بقائے باہم کی اہمیت پر زور دیا۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کیلئے بدستور غریب ملک رہنے کی کوئی وجہ نہیں اور ادعا کیا کہ ’’ہم نے بلاوجہ غربت کو گلے رکھا ہے‘‘۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج کہا کہ اُن کے ہندوستانی ہم منصب مودی کے ساتھ بات چیت کے دوران تمام مسائل چھیڑے گئے جن میں انھیں زائد از 200 مصنفین کے کھلے مکتوب میں ظاہر کردہ تشویش بھی شامل ہے۔ مودی نے ہزاروں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کیا، جو لگ بھگ تمام ہندوستانی نژاد ہیں۔ وزیراعظم کے اعزاز میں یہاں شاندار ویمبلی اسٹیڈیم میں کمیونٹی کی طرف سے عظیم الشان استقبالیہ ترتیب دیا گیا تھا۔ مودی نے کہا، ’’ہندوستان کثرت میں وحدت سے رنگارنگ ہے۔ یہ تنوع ہمارا افتخار اور ہماری طاقت ہے۔ تکثیریت ہندوستان کی خاص بات ہے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ملک مختلف مذاہب، زائد از 100 زبانوں اور 1,500 بولیوں کا وطن ہونے کے باوجود ہندوستانیوں نے ثابت کیا کہ وہ کس طرح مل جل کر رہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT